ظالم باپ کے ہاتھوں قینچی کے وار سے 3 سالہ بیٹی قتل، بیوی اور 3 بچے زخمی

3000

فیصل آ باد: ظالم باپ نے قینچی سے وار کرکے اپنی کمسن بیٹی کوقتل، بیوی اور تین بچوں کو زخمی کردیا- تھانہ منصور آباد کے علاقے ملک پور میں ذیشان نامی شخص نے جمعہ کے روز قینچی کے وار کرکے 3 سالہ بیٹی انوشہ کو قتل جبکہ 28 سالہ بیوی شمع بی بی اور3 بچوں ثمن، نعیمہ اور طلحہ کو زخمی کردیاجنہیں فوری طبی امداد کے لیے الائیڈ ہسپتال منتقل کردیاگیا۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ اسپتال میں بچوں کی ماں، ڈیڑھ ماہ کی ثمن، تین سالہ نعیمہ اور چھ سالہ طلحہ کو طبی امداد دی جارہی ہے۔واقعہ کی ا طلاع ملنے پر پولیس حکام جائے وقوعہ اور اعلیٰ حکام اسپتال پہنچ گئے۔

بچوں کے نانا نذیر حسین نے اسپتال کے باہر میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ ان کا داماد ذیشان اس سے قبل بھی اس کی بیٹی اور نواسے نواسیوں کو تشدد کا نشانہ بناتا رہا ہے۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن کرنل (ر) اجمل کے مطابق واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہیں اوراس حوالے سے مضروبہ شمع بی بی کا بیان لے لیا گیا ہے۔ایس پی مدینہ ڈویژن نبیل کو مکمل تفتیش کرکے رپورٹ دینے کے احکامات بھی دے دیے گئے ہیں۔