پناہ گزینوں کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان نے کہا ہے کہ اس کے لوگوں نے ملک میں پناہ گزینوں کے لیے مثالی فراخدلی، مہمان نوازی اور ہمدردی کا مظاہرہ کیا ہے۔
وزارت خارجہ کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ آج کے دن کے موقع پر ہمیں جبری نقل مکانی کی وجوہات پر غور کرنے اور پناہ گزینوں کے حالات بشمول تنازعات کی روک تھام اور تصفیے کے ذریعے پائیدار حل تلاش کرنے کے لیے عزم کا اعادہ کرنے کی ضرورت ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے چار دہائیوں سے زائد عرصے سے دنیا میں پناہ گزینوں کے سب سے بڑے اور طویل ترین حالات میں سے ایک کی ذمہ داری اپنے کندھوں پر ڈالی اور وہ 30 لاکھ سے زائد افغانوں کی میزبانی کر رہا ہے۔ افغانستان کے استحکام اور پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے ضروری اقدامات اٹھانا اتنا ہی اہم ہے تاکہ مستقبل میں ملک سے پناہ گزنیوں کے انخلا کے امکان کو روکا جا سکے۔
وزارت نے کہا کہ اس موقع پر پاکستان نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کو دنیا بھر میں پناہ گزینوں اور میزبان کمیونٹیز کی حمایت میں قابل ستائش کام کرنے پر خصوصی خراج تحسین پیش کیا اورکہاکہ یہ دن بین الاقوامی بوجھ اور ذمہ داری کے اشتراک کے اصولوں کے تحت پناہ گزینوں کے تحفظ کے لیے ہمارے اجتماعی عزم کے اعادہ کا بھی موقع ہے۔