وزیر صحت خیبرپختونخوا تیمور جھگڑا اور ینگ نرسز ایسوسی ایشن کے مابین مذاکرات کامیاب ہو گئے جس کے بعد ینگ نرسز نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
ینگ نرسز ایسوسی ایشن کی جانب سے گزشتہ کئی روز سے خیبرپختونخوا اسمبلی کے سامنے اپنے مطالبات کے سلسلے میں احتجاج کیا جارہا تھا، اس سلسلے میں وزیرصحت تیمور جھگڑا اور ینگ نرسز ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے بعد ینگ نرسز ایسوسی ایشن نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
ینگ نرسز ایسوسی ایشن کے مطابق مذاکرات میں حکومت کی جانب سے نرسز کے مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے اور وزیرصحت نے محکمہ صحت اور نرسوں کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی قائم کردی ہے جس کا اجلاس منگل کو ہوگا۔کمیٹی میں حکومت کے سامنے مطالبات پیش کیے جائیں گے اورامید ہے کہ حکومت مطالبات کو تسلیم کرنے کے سلسلے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرے گی۔