قومی اسمبلی اجلاس کاکورم پورا نہ ہونے پر خورشید شاہ برہم

320

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ایوان میں وزرا ء اور ارکان کی عدم موجودگی پر وفاقی وزیر خورشید شاہ نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ممبران ایوان میں آئیں توہائوس چلائیں ورنہ سب گھرجائیں اور الیکشن کرائیں، اچھا بجٹ ہونے کے باوجود ارکان کیوں تقاریر نہیں کر رہے یہ طریقہ رہا تو ایوان میں ہم بھی نہیں آئیں گے،

خورشید شاہ کی دھمکی پر اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے اجلاس کی کارروائی 30 منٹ کیلئے معطل کردی۔بدھ کوقومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر خورشید شاہ نے کہا کہ ایوان میں ارکان کیوں نہیں آتے، جو آرہے ہیں ان کا کیا قصور جو ارکان آئیں دو گھنٹے بیٹھے ہیں

اور بے عزتی کرا کے چلے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ پر کوئی بولنے والا نہیں ہے، اچھا بجٹ ہونے کے باوجود ارکان کیوں تقاریر نہیں کر رہےیہ طریقہ رہا تو ایوان میں ہم بھی نہیں آئیں گے،

جب تک ارکان نہ آئیں کورم پورا ہونے تک کارروائی معطل کریں، خالی ایوان میں تقاریر کیوں ہوں۔ خورشید شاہ نے مزید کہا کہ آپ اگر کارروائی معطل نہیں کریں گے تو میں کورم کی نشاندھی کروں گا،

ارکان جو نہیں آتے وہ انتخابات میں لوگوں کے سامنے ہاتھ جوڑنے میں خوش ہیں، وزیراعظم کو بھی ایوان میں بٹھائیں۔ وفاقی وزیر خورشید شاہ نے کہا کہ پارلیمنٹ کوہم نے مذاق بنادیا، وزیرخزانہ کہاں ہے،

ممبران ایوان میں آئیں توہائوس چلائیں ورنہ سب گھرجائیں اور الیکشن کرائیں۔ خورشید شاہ کی دھمکی پر اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے اجلاس کی کارروائی 30 منٹ کیلئے معطل کردی اور انہوں نے کہا کہ

خورشید شاہ نے درست نکات اٹھائے ہیں، خورشید شاہ خود بھی وزیر ہیں اور وہ ایوان میں آتے ہیں، ارکان کو اس ایوان کو وقت دینا چاہیے۔