ایڈمنسٹریٹر مرتضیٰ وہاب نے نو تعمیر شدہ فٹ بال گراؤنڈ کا افتتاح کردیا

357

کراچی : ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کشمیر روڈ میں نو تعمیر شدہ فٹ بال گراؤنڈ کا افتتاح کردیا، اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر فٹ بال الیون اور ایم سی فٹ بال الیون کے درمیان ایک نمائشی میچ کھیلا گیا

جس میں ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور میونسپل کمشنر افضل زیدی نے بچوں کے ساتھ مل کر میچ کھیلا، تقریب میں سینئر ڈائریکٹر کلچر اینڈ اسپورٹس سیف عباس، ڈائریکٹر اسپورٹس کمپلیکس کیف الوریٰ، افسران اور کھیلوں سے متعلق مختلف شخصیات نے شرکت کی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ

یہ فٹ بال گراؤنڈ اور مختلف کھیلوں سے متعلق ہالز 2012 میں بننا شروع ہوئے تھے جس پر 23 کروڑ روپے لاگت آئی تھی گزشتہ دس سال سے یہ فٹ بال گراؤنڈ بند تھا شہریوں کے بہتر مفاد میں اسے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا اور آج یہ سہولت شہریوں کو حاصل ہوگئی ہے جو کراچی کے لئے ایک نعمت ہے، انہوں نے کہا کہ

کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس تنزلی کا شکار تھا ہم نے اسپورٹس کمپلیکس کی تزئین و آرائش شروع کردی ہے تاکہ لوگ اس سے فائدہ اٹھا سکیں یہاں شہریوں کے لئے ٹیبل ٹینس، اسکوائش، بیڈمنٹن، سوئمنگ، جوگنگ ٹریک اور دیگر سہولتیں بیک وقت مہیا ہیں، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں آج بجٹ کے دوران پی ٹی آئی کے لوگوں نے

جو ہنگامہ برپا کیا وہ انتہائی افسوس کن ہے انہیں زبان چلانے اور ہاتھ چلانے کا شوق ہے تو ہم انہیں یہ فٹ بال گراؤنڈ دینے کو تیار ہیں تاکہ وہ اپنا شوق یہاں آکر پورا کرلیں، انہوں نے کہا کہ بجٹ میں کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز مختص کئے گئے ہیں جس سے تمام اضلاع میں ترقیاتی کام کرائے جائیں گے،

اس سال کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو میٹروپولیٹن یونیورسٹی میں تبدیل کردیا جائے گا اور بجٹ کے بعد سندھ اسمبلی کے ہونے والے اجلاس میں اس کا چارٹر منظور کرالیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے بجٹ میں آئندہ سال میں ماس ٹرانزٹ، انڈرپاسز، پلوں اور سڑکوں کے لئے میگا منصوبے بنائے گئے ہیں، 1122 ایمبولینس سروس کے لئے،انفراسٹرکچر کی بہتری، فائر بریگیڈ، اسنارکل، سیوریج کے نظام کو بہتر کرنے، حب ڈیم کے پانی کی فراہمی، ملیر ایکسپریس وے، ماڑی پور ایلیویٹڈ ایکسپریس ویکے لئے بھی رقوم مختص کی گئی ہیں،

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نالوں کی صفائی کا کام جاری ہے ماضی میں ان پر ایک ارب روپے سے زائد رقم خرچ کی جاتی تھی لیکن اب ہم نے صرف 60 فیصد رقم سے یہ کام شروع کئے ہیں، کراچی میں 28 مقامات پر نالوں کی صفائی کا کام جاری ہے اور چوکنگ پوائنٹس کو کلیئر کیا جا رہا ہے،

انہوں نے کہا کہ میں نے خود سولجر بازار، کلری،فلک ناز ایئرپورٹ، گجر نالہ اور پی آئی ڈی سی نالے کا دورہ کرکے کاموں کا جائزہ لیا ہے اور امید ہے کہ مون سون سیزن میں بارشوں سے شہر متاثر نہیں ہوگا،ایڈمنسٹریٹر کراچی نے اس موقع پر فٹ بال کی ٹیموں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔