پاکستان ویٹرنز کلب نے ماسٹرز ویٹرنز ہاکی سیریز 1-0 سے جیت لی

413

کراچی: عمان ویٹرنز اور پاکستان کے درمیان تیسرا میچ 1-1 گول سے برابر رہا، پاکستان ویٹرنز کلب کے فارورڈ اولمپئین سید سمیر حسین سیریز میں تین گول اسکور کرکے سیریز کے ٹاپ اسکورر کیساتھ بہترین کھلاڑی قرار پائے، عمان کے گول کیپر عاصم دائود کو شاندار کھیل پیش کرنے پر سیریز کے بہترین گول کیپر کے اعزاز سے نوازا گیا،

اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان نے بطور مہمان خصوصی اولمپئین اصلاح الدین، کے ایچ اے کے صدر جنید علی شاہ، محمد یوسف اور دیگر کے ہمراہ انعامات تقسیم کئے اولمپئین اصلاح الدین و ڈاکٹر محمد علی شاہ اکیڈمی کے برقی قمقموں کی روشنی میں کھیلا گیا سیریز کا تیسرا اور آخری میچ دلچسپ اور سنسنی مقابلے کے بعد 1-1 گول سے برابر رہا،

پاکستان کی جانب سے کھیل کے 38 ویں منٹ میں اولمپئین قمر ابراہیم کے پاس پر اولمپئین سمیر حسین نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے گیند کو جال میں پہنچاکر پاکستان ویٹرنز کلب کو ایک گول کی سبقت دلادی تاہم اسکے بعد پاکستان ویٹرنز کلب نے گول کرنے کے کئی سنہری مواقع ضائع کئے تاہم دوسری جانب عمان کی ٹیم بھی مسلسل حملے کرتی رہی

جس کے نتیجے میں انکی ٹیم میچ ختم ہونے سے ایک منٹ قبل 59 ویں منٹ میں پینالٹی اسٹروک حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی جس پر انکے سینٹر ہاف حسام شمبے نے گول اسکور کرکے مقابلہ 1-1 گول سے برابر کردیا، سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے 2-1 سے کامیابی حاصل کی تھی

جبکہ دوسرا میچ 2-2 گول سے برابر رہا تھا. 3 میچز کی سیریز آخری میچ کے مہمان خصوصی جہانگیر خان نے سیریز کی فاتح ٹیم پاکستان ویٹرنز کلب کے کپتان اولمپئین کامران اشرف کو وننگ جبکہ عمان کے کپتان کو رنرزاپ ٹرافی پیش کی،

اس موقع پر محمد یوسف، سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد، شعیب محمد، کے ایچ اے کے صدرڈاکٹر جنید علی شاہ، سیکریٹری حیدر حسین، اسماء علی شاہ، اولمپئین حسن سردار، اولمپئین ایاز محمود، اولمپئین افتخار سید، محفوظ الحق اور دیگر مہمانان گرامی بھی موجود تھے.