یو ایس ایڈ اور سندھ حکومت کا تعلیمی اصلاحات کیلئے عوامی بیداری منصوبے کی کامیابی پر تقریب کا انعقاد

942

کراچی(اسٹاف رپورٹر) امریکی ایجنسی برائے عالمی ترقی (یو ایس ایڈ ) اور سندھ کے محکمہ تعلیم و خواندگی (ایس ای ایل ڈی) کی جانب سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں یو ایس ایڈ کے سندھ میں تعلیمی اصلاحات کیلئے عوامی بیداری کے پروگرام (ایس سی ایم پی) کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی گئی، یہ پروگرام 9 سالوں کے بعد کامیابیوں کساتھ اختتام پذیر ہوا ہے۔

یو ایس ایڈ کے ڈائریکٹر برائے سندھ و بلوچستان اینڈریو ریبولڈ اور سندھ کے سیکرٹری برائے تعلیم غلام اکبر لغاری تقریب کے خصوصی مہمان تھے۔تقریب میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اینڈریو ریبولڈ نے کہا کہ “سندھ حکومت کیساتھ شراکتداری کے نتیجے میں صوبے میں زیادہ سے زیادہ بچوں کی تعلیم تک رسائی یو ایس ایڈ کیلئے باعث فخر ہے۔

اسکولوں میں بچوں کی سالانہ حاضری بڑہانے کیلئے مقامی آبادی، خصوصی طور پر بچیوں کی والدین سے براہ راست بات چیت اپنی نوعیت کا ایک پیچیدہ و سنجیدہ معاملہ تھا۔

صوبہ سندھ میں تقریباً 20 ہزار بچیوں کو اسکول تک رسائی دینے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے، جبکہ اس سے پہلے 13 ہزار سے زائد بچیاں اسکول چھوڑ چکی تھیں۔ آنے والے سالوں میں سندھ کمیونٹی موبلائیزیشن پرگرام کے مثبت نتائج محسوس کیئے جائیں گے۔

ایس سی ایم پی، یو ایس ایڈ کی مالی معاونت سے جاری سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام کا کلیدی منصوبہ ہے ، جس کے تحت 106 جدید خطوط پر استوار اسکولوں کے قیام کیساتھ طلباء کی حاضری بڑھانے میں کامیابی ملی ہے۔ایس سی ایم پی نے پبلک اسکول کے عملے سے مذاکرات کیلئے مقامی لوگوں کیساتھ بھی کام کیا، تاکہ اسکول کے نظام کو بااعتماد، سازگار اور مضبوط بنایا جائے۔ بات چیت کے اس عمل نے صوبہ سندھ میں پہلی مرتبہ طلباء کی حاضری اور اسکولوں میں واپسی میں اضافہ کیلئے غیرمعمولی اور رہنما کردار ادا کیا۔

ایس سی ایم پی کی جانب سے پبلک اسکول کی سرگرمیوں میں بہتری کیلئے ایس ای ایل ڈی کیساتھ ملکر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ تک رسائی بڑھانے کے حوالے سے کامیابی سے کام کیا، جس کے نتیجے میں بہتر تعلیمی نتائج حاصل ہوئے۔

سندھ کے سیکریٹری برائے تعلیم غلام اکبر لغاری نے یو ایس ایڈ کے مالی معاونت اور تعلیم کے شعبے میں امریکی حکومت کی دیرینہ مدد کوسراہتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔

تقریب کے دیگر شرکاء میں ڈونر ایجنسیوں کے نمائندگان اور متعلقہ اضلاع سے آنے والے اعلیٰ حکام شریک تھے۔ اس کے علاوہ بچوں کے والدین، اساتذہ اور مختلف آبادیوں کے عمائدین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔