“بھارت بند”کی افواہیں، کانپور، رامپور اور لکھنو میں سیکورٹی ہائی الرٹ، دفعہ 144 نافذ

325

بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع کانپور میں گزشتہ دنوں پیش آنے والے تشدد کے واقعات کے بعد سے سوشل میڈیا پر بھارت بند کی افواہیں تیزی سے گردش کر رہی ہیں جس کے پیش نظر وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت نے پولیس انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت بند کی افواہوں کی وجہ سے ضلع کے تمام مرکزی چوراہوں اور مسلم علاقوں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ڈرون کیمروں کے ذریعے پورے علاقے کی نگرانی بھی کی جارہی ہے۔ضلع رامپور میں بھی سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے رامپور کے تمام مذاہب کے لوگوں کے ساتھ ایک اجلاس میں شہر میں امن و امان کی صورتحال برقراررکھنے کی اپیل کی ہے۔اسی حوالے سے پولیس کپتان اشوک کمار نے ضلع رامپور کے لوگوں سے امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے اور افواہوں پر توجہ نہ دینے کی اپیل کی ہے۔

انہوں نے کہاکہ فضول اعلانات کی وجہ سے ہرگزسڑکوں پر نہ نکلیںاور بغیر کسی تصدیق کے احتجاجی مظاہرے اور مارچ نہ کریں۔ادھر کانپور میں گزشتہ جمعہ کو دو گروپوں کے درمیان پرتشدد جھڑپوں کے بعد پولیس نے سیکورٹی کے پیش نظر کانپور اور دارلحکومت لکھنو میں غیر معینہ مدت کیلئے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔

واضح رہے کہ حکمران بھارتیہ جنتاپارٹی کے لیڈروں کی توہین رسالت? سے متعلق گستاخانہ بیانات کے بعد گزشتہ ہفتے شہرمیں مسلمانوں اور ہندتوا کارکنوں کے درمیان پرتشدد واقعات کے بعد سے حالات کشیدہ ہیں۔