دعا زہرہ کی عمر کا تعین ہو گیا، میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی

10215

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی کےعلاقے گرین ٹاؤن کی رہائشی دعا زہرہ کی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی ہے۔

کراچی سے مبینہ طور پر لاپتا ہوکر ظہیر نامی شہری سے شادی کرنے والی لڑکی دعا زہرہ کی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی جس میں اس کی عمر کا تعین بھی کرلیا گیا ہے۔ عدالت نے دعا زہرہ کی عمر کے تعین کے لیے میڈیکل کرانے کا حکم دیا تھا۔

میڈیکل رپورٹ کے مطابق دعا زہرہ کی عمر 16 سے 17 سال کے درمیان ہے،پولیس سرجن ایج سرٹیفکیٹ کے مطابق دعا زہرہ کی عمر تقریباً 16 سے 17 سال کے درمیان ہے۔

دعا زہرہ کی عمر کا اندازہ لگانے کیلئے جانچ سول اسپتال کراچی کی وومن میڈیکولیگل آفیسرڈاکٹر لاریب گل نے کی ہے۔ میڈیکل رپورٹ کل عدالت میں پیش کی جائے گی ۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز پولیس حکام نے دعا زہرہ اور اس کے شوہر ظہیر کو سندھ ہائیکورٹ میں پیش کیا تھا،جہاں دعا زہرہ نےاپنےوالدین سے ملنے سے انکار کردیا تھا۔عدالت نے دعا زہرہ کی عمر کے تعین کیلئے میڈیکل ٹیسٹ کرانے کا حکم دیتے ہوئے شیلٹر ہوم بھیجنے کا حکم دے دیا تھا۔

اس سے قبل بھی اپنے ایک بیان میں دعا زہرہ نے اپنی زندگی کے حوالے سے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہماری زندگی کو خطرات لاحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ اور پنجاب پولیس ہراساں کر رہی ہے سندھ پولیس اغوا کر کے کراچی لے جانا چاہتی ہے کراچی میں ہماری زندگی کو خطرات لاحق ہیں۔

دعا زہرہ کا کہنا تھا کہ والدین کو خط سے بتا کر آئی تھی کہ کہاں اور کیوں جا رہی ہوں والدین نےلاپتہ ہونے سے متعلق پہلے دن سے غلط بیانی کی اپنی پسند سے ظہیراحمد سے شادی کی ہےاگرہمیں کچھ ہواتو والدین،پنجاب اورسندھ پولیس ذمہ دارہو گی۔

یاد رہے کہ پولیس نے گزشتہ دنوں دعا زہرہ اور ان کے شوہر ظہیر احمد کو بہاولنگر سے گرفتار کرکے کراچی کی عدالت میں پیش کیا تھا جس کے بعد عدالت نے دعا زہرہ کا میڈیکل کروانے کا حکم دیتے ہوئے انہیں شیلٹر ہوم بھیج دیا تھا۔