بھارت کا جنگی جنون بڑھنے لگا, اگنی 5 میزائل کا تجربہ

319

انتہا پسند مودی سرکار پرجنگی جنون سرچڑھ کر بولنے لگا، وزارت دفاع نے اگنی 5 بلیسٹک میزائل کا تجربہ کرلیا۔ بھارتی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے 4 ہزار کلو میٹر تک مار کرنے والے اگنی سیریز کے چوتھے میزائل کا کام یاب تجربہ کرلیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ جوہری مواد لے جانے کی صلاحیت کے حامل اگنی 5 بلیسٹک میزائل کو شام ساڑھے سات بجے اوڈیشہ کے علاقے میں قائم اے پی جے عبد الکلام جزائر سے فائر کیا گیا۔  یہ تجربہ بھارتی اسٹریٹیجک فورسز کمانڈ کے تربیتی مراحل کے معمول کا حصہ ہے۔ اگنی 5 بھارتی بلیسٹک میزائلوں کی اگنی سیریزکا چوتھا میزائل ہے۔

بھارت کی ڈیفینس ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن ( ڈی آرڈی او) میں ڈیویلپ ہونے والے اس میزائل کو اگنی 2 پرائم کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ یاد رہے کہ جنگی جنون میں مبتلا بھارت نے گزشتہ سال بھی تاب کارمواد کے ساتھ ایک سے دو ہزار کلو میٹر تک مار کرنے کی صلاحیت کے حامل اگنی پرائم میزائل کا تجربہ کیا تھا۔