اسلام آ باد: سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم اپنی آزادی کے لئے کھڑی ہوچکی ہے اور یہ عمران خان کے ساتھ آزادی حاصل کرنے کے لئے تیار ہیں۔
سپریم کورٹ کے باہر تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کی ہدایت پر سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سپریم کورٹ میں احتجاج کی پیشگی اجازت کیلئے درخواست دائر کی ہے جس میں بنیادی حقوق کے سوالات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ سے قبل ہمارے ہزاروں کارکنان کو گرفتار کیا گیا، علامہ اقبال کی بہو کے گھر بھی چھاپہ مارا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے پورے ملک سے آنے والے کارکنوں کو اسلام آباد آنے سے روکا گیا اور بدترین حکومتی تشدد کے باوجود لاکھوں لوگ باہر نکلے۔
اسد عمر نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے باوجود عوام کا گھروں سے نکلنا اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام اپنی حقیقی آزادی کیلئے کھڑی ہوچکی ہے۔