اللہ کے بعد ملک کی حقیقی ذمہ داری سپریم کورٹ پر آگئی ،شیخ رشید

435

راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اللہ کے بعد اس ملک کی حقیقی ذمہ داری سپریم کورٹ آف پاکستان پر آگئی ہے۔

ان خیالات کااظہار شیخ رشید احمد نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا کہ کھانے پینے کے گھی میں 200روپے فی کلو کا اضافہ ظلم عظیم ہے، جو مہنگائی ختم کرنے کا نعرہ لگاتے پھرتے انہوں نے غریب ہی کو تیل دیا ہے، جتنے عمران خان ے ساڑھے تین سال میں غیر ملکی دورے کئے اتنے امپورٹڈ حکومت نے ایک مہینے میں کر لئے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ کھاد کی قیمتوں میں بھی سبسڈی ختم کردی گئی ، آٹھ سے 12گھنٹے کی روزانہ لوڈشیڈنگ ہے کوئی پوچھنے والا نہیں جس طرح ملک اور صوبے پر قبضہ کرایا گیا اس کا نوٹس سپریم کورٹ ہی لے سکتی ہے، 25تاریخ کو جو وحشیانہ طاقت کا استعمال کیا گیا اس کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی، اس پر سپریم کورٹ کو ازخود نوٹس لینا چاہئے اور فرانزک رپورٹ طلب کرنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ اجرتی قاتل رانا ثناء اللہ ہر روز لوگوں کو ڈرا دھمکا رہے ہیں، اسلام آباد کوئی واشنگٹن ڈی سی نہیں اور یہاں پر خود بھی کئی بار ان لوگوں نے احتجاج کئے ہیںاور کسی نے ان کو ہاتھ تک نہیں لگایا، جس کام کے لئے چور امپورٹڈ حکومت کو لایا گیا ، اتنی ہی ان کی میعاد ہے مذاکرات سے کچھ نہیں نکلے گا کیونکہ حکمران اپنے کیس ختم کرانے آئے ہیں اور اب وہ جیل جانے سے ہر صورت بچنا چاہتے ہیں، جمہوریت غنڈہ گردی کی بھینٹ چڑھی ہوئی ہے، بِکنے والے لیڈر آف اپوزیشن اور جھوٹ بَکنے والے حکمران بن گئے ہیں، اللہ تعالیٰ اس ملک کی معیشت، جمہوریت، مہنگائی اور لوڈشیڈنگ پر رحم فرمائے۔