فلسطین کی حمایت میں پاکستانی پالیسی میں کوئی تبدیلی آئی ہے نہ آئے گی ، مریم اورنگزیب

343

اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے واضح کیا ہے کہ فلسطین کی حمایت میں پاکستانی پالیسی میں کوئی تبدیلی آئی ہے نہ آئی گی ۔

پیر کو اپنے پالیسی بیان میں وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی خواہشات اور امنگوں کے منافی کوئی پالیسی یا اقدام نہیں ہوسکتا ،پاکستان مسئلہ فلسطین اور اسرائیل سے متعلق اپنے روایتی اور اصولی موقف پر سختی سے کاربند ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ واضح کرچکی ہے کہ پاکستان سے کوئی وفد اسرائیل نہیں گیا ،اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق فلسطینیوں کے استصواب رائے کے حق کی مکمل حمایت کرتے ہیں ،دنیا دو ریاستی حل کو خطے میں پائیدار امن کا ضامن تصور کرتی ہے،1967 سے پہلے کی سرحدوں، بیت المقدس دارالحکومت اور جغرافیائی وحدت کی حامل فلسطینی ریاست کا وعدہ پورا کیاجائے ،مقبوضہ فلسطین اور جموں وکشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر دیرینہ ترین امور ہیں جن کا حل عالمی برادری کی ذمہ داری ہے ۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ان دونوں مسائل کے منصفانہ حل تک دنیا میں پائیدار امن ایک خواب ہی رہے گا ،مقبوضہ فلسطین اور غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر کے عوام کی منصفانہ جدوجہد کی ہرممکن حمایت جاری رکھیں گے ،سستی سیاسی شہرت کے لئے ہر منفی اقدام کرنے والے کسی قومی مفاد کا تو خیا ل کریں ،دورے میں شامل پی ٹی وی کے اینکر کو ٹرمینیٹ اور آف ائیر کردیاگیا ہے ،مذکورہ اینکر اپنی ذاتی حیثیت میں دورے پر گیا تھا۔