نیب ترامیم کو عدالت میں چیلنج کیا جائیگا،عدالت عظمیٰ از خود نوٹس لے،شاہ محمود

294

اسلام آباد (صباح نیوز) تحریک انصاف نے نیب ترامیم کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے عدالت عظمیٰ سے اس معاملے پر از خود نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔ سابق وزیر خارجہ اور رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ان کی جماعت نیب ترامیم کو عدالت میں چیلنج کرے گی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدالت عظمیٰ سے درخواست ہے کہ وہ اس معاملے پر ازخود نوٹس لے‘ نیب کی آزادانہ حیثیت کو کمپرومائز کیا گیا اور ترامیم کے بعد اب یہ ادارہ وفاقی حکومت کے تابع ہو گیا ہے‘ عمران خان نے پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم کو نیب ترامیم کو عدالت میں لے جانے کی ہدایت کر دی ہے‘ پی ڈی ایم نے ملک کی اینٹی کرپشن مہم کو نیب ترامیم میں دفن کردیا ہے‘ درحقیقت انہوں نے اپنے آپ کو این آر او ٹو دیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ان ترامیم سے ایک خاص امیر طبقہ مستفید ہوگا جس میں ملک کو لوٹنے والے اور اہم سیاسی شخصیات شامل ہیں، نیب کے قانون میں جو ترامیم کی گئی ہیں وہ کرپشن کے خلاف اقوام متحدہ کے قوانین سے متضاد ہیں اور ایف اے ٹی ایف کے قوانین سے بھی مطابقت نہیں رکھتیں۔ انہوں نے کہا کہ اسفند یار ولی کیس میں عدالت یہ کہہ چکی ہے کہ اگر نیب قوانین میں کوئی ترامیم کی جاتی ہیں تو وہ عدالت عظمیٰ کے علم میں لائی جائے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نیب کو اینٹی کرپشن ڈپارٹمنٹ پنجاب اور ایف آئی اے بنانے کی کوشش کی ہے جو سرکاری حکومت کے تابع ہوتے ہیں، اس ترمیم کے بعد نیب کے کیسز متاثر ہوں گے‘ ان ترامیم سے وزیر اعظم شہباز شریف اور نواز شریف براہِ راست مستفید ہوں گے۔