اسلام آباد (صباح نیوز) تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل اور سابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ ہمیں نہیں پتاکہ آئی ایم ایف سے پیٹرول کے علا وہ حکو مت نے اور کیا، کیا چیزوں کا فیصلہ کیا ہے ، عوام کے اوپر ابھی تو پیٹرول بم گرا ہے اور پتا نہیں کتنے بم گر نے والے ہیں ۔میں کہو ں گا کہ سخت فیصلے نہیں ہمیں اچھے فیصلوں کی ضرورت ہے جس سے عوام کی زندگی کے اندر بہتری آئے ۔ مو جو دہ حکو مت پر اصل دبائو ان کی اپنی کارکردگی کا ہے ، عوام انہیں مسترد کرچکی ہے، دو تہائی پاکستان کہتا ہے کہ موجودہ حکومت جائز حکومت ہی نہیںہے، اصل دبائو ان کو وہ محسوس ہورہا ہے جو پاکستان کے عوام کا دبائو ہے اور وہ پاکستان تحریک انصاف کادبائو نہیں ۔ وزیر اعظم میاں محمد شہبا ز شریف کی طرف سے چھ دن بعد H-9میں جلسہ کر نے کی اجا زت دینے کی بات کرنا ان کی طرف سے کوئی فرا خدلی نہیں ہے ، یہ پا کستا ن کا آئین اور قانون کہتا ہے کہ ہر شہری کوپُرامن احتجا ج کا حق بھی ہے اور تحریک انصاف پُر امن ہونا چاہتی ہے اور چاہتی ہے بالکل پُرامن ما حول رہے ۔ہم سپریم کورٹ آف پاکستان کو یقین دہانی کروائیں گے کہ ہم ایک دن بیٹھیں یا تین بیٹھیں ہمارا احتجاج پُرامن ہو گا اور سپریم کورٹ کی گائیڈلائنز کے مطابق ہو گا۔ ان خیا لا ت کا اظہار اسد عمر نے ایک نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا ۔