مہنگائی بیروزگاری سودی نظام ،سراج الحق کی اپیل پر ملک گیر احتجاجی مظاہرے

758
امیر جماعت اسلامی سراج الحق بونیر میں مہنگائی کیخلاف احتجاجی جلسے سے خطاب کررہے ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت) امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر مہنگائی،بیروزگاری اور سودی نظام کے خلاف ملک گیریوم احتجاج کی اپیل کے سلسلے میں اتوار کوجماعت اسلامی کے تحت کراچی، لاہور،پشاور، ملتان،گوجرانوالہ، مینگورہ، سوات، بونیر چارسدہ چترال لکی مروت بنوں باجوڑ لنڈی کوتل فیصل آباد سرگودھا مردان صوابی کرک سمیت تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے جن سے مرکزی، صوبائی اور ضلعی قیادت نے خطاب کیا۔مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جن پر ’’بجلی،گیس،پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ نامنظور،آئی ایم ایف کی معاشی دہشت گردی نامنظور،آئی ایم ایف کی غلامی نا منظور کے نعرے درج تھے۔اس سلسلے میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے بونیر، سیکرٹری جنرل امیر العظیم اور ذکر اللہ مجاہد نے لاہور، حافظ نعیم الرحمن نے کراچی، عتیق الرحمن نے پشاور،جاوید قصوری نے سیالکوٹ ڈاکٹر طارق سلیم نے گجرات میں بڑے احتجاجی مظاہروں اور جلسوں سے خطاب کیا۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ اتحادی جماعتوں کی حکومت پی ٹی آئی کے دیے گئے زخموں میں مزید اضافے کا باعث بن رہی ہے، عوام کو مرہم کی امید دلائی اور نمک پاشی شروع کر دی گئی، نااہل حکمرانوں کی وجہ سے ملک 75 سالوں سے آئی ایم ایف کی معاشی دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے، پی ٹی آئی کی حکومت نے ریکارڈ قرضوں کے ساتھ تمام ریکارڈ توڑ دیے، اتحادی جماعتوں کی حکومت اب تک اسی کا تسلسل ثابت ہورہی ہے حکمران نئے ہوں یا پرانے،عوام کے لیے پیٹرول، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ اور لوڈشیڈنگ کا عذاب یکساں ہے، وزیراعظم کا ہر گھرانے کو 2 ہزار روپے دینے کا اعلان قوم کے ساتھ مذاق ہے، 22 کروڑ عوام کو مہنگائی کے سمندر میں غرق کر دیا گیا ہے، عام آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی پوری کرنا مشکل ہوگیا، مہنگائی،بے روزگاری نے عوام کو مفلوک الحال بنادیاہے، حکمران ٹھنڈے کمروں میں بیٹھ کر عوام کو خوشحال بنانے کے جو بیانیے دے رہے ہیں،وہ سفید جھوٹ ہے۔ وزیراعظم نے 22کروڑ عوام کو در اصل دائیں دکھا کر بائیں ماری ہے،ملک میں وسائل کا نہیں بلکہ حکمرانوں کی اہلیت، صلاحیت اور وژن کا شارٹ فال ہے،ایک بار پھر ثابت ہو رہا ہے کہ ن لیگ ،پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی کے پاس کوئی انقلابی ایجنڈا نہیں، جماعت اسلامی ہر محاذ پر عوام کا مقدمہ لڑے گی اور عوامی تائید کے ذریعے حکومت کو ایسے اقدامات کو واپس لینے پر مجبور کرے گی، جماعت اسلامی کو اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو وہ ملک کے عوام کو سودی نظام، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے نجات دلائے گی۔ غریب طبقے کے لیے آٹا، گھی، چینی، دالوں پر 30 فیصد سبسڈی دے گی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے بونیر میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی جلسے اور ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی کے پی عبدالواسع اور امیر ضلع بونیر محمد حلیم باچا بھی موجود تھے۔امیر جماعت نے کہا کہ حکومت نے غریب عوام کو مہنگائی و بے روزگاری کی زنجیر میں باندھ کر لوڈشیڈنگ کے عذاب میں مبتلا کر دیا۔ بجلی، گیس،پیٹرول کے بعدکھانے پینے کی اشیاء میں ہونے والا اضافہ حکمرانوں کی کچھ دنوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، مافیاز کو نوازنے کا سلسلہ تاحال عروج پر ہے،آئی ایم ایف کی ایماء پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا یک مشت اضافہ مسترد کرتے ہیں، اسی طرح بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافے کی بات کی جارہی ہے جو قابل قبول نہیں ہو گا، اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں مزید اضافے سے ان ظالم حکمرانوں نے عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ تک چھین لیا ہے حکومت قیمتوں میں اضافے کو فوری واپس لینے کا اعلان کرے، اشیاء ضروریہ عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو گئی ہیں ،ان کی قیمتوں کو 2018 ء کی قیمت پر واپس لایا جائے۔سراج الحق نے کہا کہ وفاقی شرعی عدالت نے سود کے خلاف دو ٹوک فیصلہ دیا ہے اور حکومت کو بتایا ہے کہ سود کی مختلف ناموں کے ساتھ جتنی شکلیں ہیں ان کو فوری بند کر نا ہوگا،اگر حکومت نے سود فری بجٹ پیش نہ کیا اور سود کے خاتمے میں پیش رفت نہ کی تو 22 کروڑ عوام اس کو برداشت نہیں کریں گے، اللہ کے خلاف جنگ کو اب ختم ہونا ہو گا ،ملک کے معاشی مسائل کو اسلامی معاشی قوانین کے ذریعہ ختم کیا جا سکتا ہے۔

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملک بڑھتی ہوئی مہنگائی اورپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کے خلاف امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی ملک گیر احتجاجی مظاہروں کی اپیل پر اتوار کو کراچی تا کشمور سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جن پر ’’بجلی،گیس،پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ نامنظور، آئی ایم ایف کی معاشی دہشت گردی نامنظور،عوام دشمن بجٹ نامنظور کے نعرے درج تھے۔کراچی،حیدرآباد، ٹنڈوآدم، بدین، گولارچی، شادی لارج، ٹنڈوباگو، نواب شاہ،دادو میرپورخاص، لاڑکانہ، شکارپور، جیکب آباد سمیت دیگر شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے جن سے جماعت اسلامی کے مرکزی،صوبائی اور مقامی رہنماؤں نے خطاب کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر بجلی، گیس،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ کھانے پینے کی اشیا مہنگی ہونے کی وجہ سے عام آدمی کے لیے2وقت کی روٹی حاصل کرنا بھی مشکل ہوچکا ہے، بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ آنے والے مشکل بجٹ کی ایک جھلک ہے، آئی ایم ایف اور سودی نظام معیشت سے نجات حاصل کیے بغیر ملکی ترقی اور قوم کی خوشحالی کا خواب کبھی سچا نہیں ہوسکتا۔ سودی نظام معیشت عالمی مالیاتی اداروں کا اہم ہتھیار ہے،موجودہ حکمران بھی آئی ایم ایف کے چیلے ہیں جن سے عوامی بھلائی کی امید نہیں کی جاسکتی،صنعتی اور زرعی شعبے پر چند لوگوں کا قبضہ جبکہ عام مزدور اور کسان کا خون چوسا جارہا ہے، جس ملک میں ظلم اور ناانصافی کانظام رائج ہو وہ کبھی ترقی نہیں کرسکتا،اس لیے جماعت اسلامی مہنگائی، بیروزگاری اور سودی نظام کے خلاف تحریک چلارہی ہے۔ حیدرآباد میں پریس کلب پر امیر ضلع عقیل احمد خان،لاڑکانہ میں ضلعی رہنما عاشق دہامراہ ایڈووکیٹ، دادو میں مولانا واحد بخش ببر،جیکب آباد حاجی دیدار علی لاشاری کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔شکارپورمیں جماعت اسلامی کے تحت گھنٹہ گھر چوک پر احتجاجی مظاہرے سے صوبائی نائب امیر حافظ نصراللہ چنا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا عوام کو ریلیف کے نام پر دیا جانے والا پیکیج دراصل لالی پاپ ہے، موجودہ حکومت بھی مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے ڈنگ ٹپائو پالیسیوں کا سہارا لے رہی ہے، حکومت محض دکھاوے کے اقدامات کے بجائے ٹھوس بنیادوں پر معیشت کو سنبھالنے کے لیے اقدامات کرے، حکمرانوں کی جانب سے قوم کو بھکاری بنانے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے، قوم کو کشکول تھما کر عزت نفس مجروح کرنے کے بجائے نوکریاں فراہم کی جائیں، اتحادی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم بم گرانے کے بعد عوام پر بجلی بم گرانے کی بھی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں، میڈیا رپورٹس کے مطابق 7روپے فی یونٹ بجلی بڑھانے کا فیصلہ کیا جاچکا ہے،حکومت ہوش کے ناخن لے اور اپنی معاشی پالیسیوں کو عوام کے لیے آسان بنائے، آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن قومی سلامتی کے لیے خطرناک ہو گی۔اس موقع پر ضلعی امیر عطاالرحمن منگریو،عبدالسمیع شمس بھٹی نے بھی خطاب کیا۔ گولارچی میں جماعت اسلامی ضلع بدین کے جنرل سیکرٹری عظیم احمد منصوری کی قیادت میں مہنگائی بیروزگاری کے گولارچی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جبکہ نائب امیر غلام رسول احمدانی ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد سلیم جونیجو کی قیادت شادی لارج پریس کلب پر مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،بدین میں غریب آباد چوک سے بدین پریس کلب تک مہنگائی بیروزگاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیاجس سے جماعت اسلامی ضلع بدین کے نائب امیر اللہ بچایو ہالیپوٹہ ودیگر نے خطاب کیا۔ٹنڈوباگو میں نائب امیر ضلع مولانا عبدالکریم بلیدی، علی احمد بلیدی کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔مظاہروں میں جماعت اسلامی یوتھ،اسلامی جمعیت طلبہ،جمعیت طلبہ عربیہ سمیت شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی مظاہرین ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینر تھامے ہوئے تھے۔اس موقع پر ضلعی قائدین نے مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم نے مہنگائی کے خلاف لانگ مارچ کیا اب یہ حکومت میں آکر خود عوام کے پیٹ کو چاک کررہی ہے، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 30 روپے اضافہ سے مہنگائی نے عوام کا جینا بھی حرام کردیا ہے، جن سے غریب طبقے کے لوگوں کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے جبکہ بچوں کی ماہانہ فیسوں کی ادائیگی کرنے کی بھی ہمت نہیں رہی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کرکے انسانیت کا معاشی قتل عام کیا ہے، مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے عوام کو دو وقت کی روٹی بھی مشکل سے میسر ہورہی ہے، سابقہ حکومت کی طرح موجودہ پی ڈی ایم کی حکومت نے عوام پر پیٹرول اور دیگر مصنوعات میں من مانے اضافہ کرکے عوام پر مہنگائی کا بم گرادیا پیٹرول کی قیمت میں اضافہ سے ملک مہنگائی کا نیا طوفان برپا ہوجائے گا،حکومت عوام سے جینے کا حق چھین رہی۔ انہوںنے نے مطالبہ کیا ہے حکومت فوری طور پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے اور عوام کو ریلیف فراہم کرے۔ جماعت اسلامی نوابشاہ کی جانب سے پریس کلب کے سامنے ضلعی امیر سرور احمد قریشی، فیصل ہمایوں اور سردار احمد آرائیں کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی امیر سرور احمد قریشی کا کہنا تھا کہ بلاول زرداری نے کراچی سے اسلام آباد تک مہنگائی کے خلاف لانگ مارچ کیا تھا اب پی ڈی ایم کی حکومت نے جس میں ان کی جماعت بھی شامل ہے ،پیٹرول کی قیمتوں میں یکلخت 30 روپے فی لیٹر کا اضافی کر دیا ہے جس سے مہنگائی کا ایسا طوفان آرہا ہے جس سے غریب کا چوتھا جلنا بند ہو جائے گا۔میرپورخاص میں جماعت اسلامی کے تحت منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے مقامی رہنمائوں محمد رفیق چوھان ، سابق امیر حاجی نور الٰہی مغل بزگ رہنما عزیز الرحمن خان اور سیکرٹری ظفراقبال مجاہد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ملکی معیشت پر خودکش حملہ ہے، غریب عوام سے جینے کا حق چھینا جارہا ہے،آئی ایم ایف کی چوکھٹ پر سجدہ ریز موجودہ حکمران سابقہ حکمرانوں کا ثسلسل ثابت ہورہے ہیں اور پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لیے خطرناک ثابت ہورہے ہیں، ملک کو عالمی اداروں کے لیے چراگاہ بنادیا گیا ہے، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر خودکش حملہ ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے روزمرہ اشیاء زندگی کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوگا،حکمران اپنی مراعات اور سہولیات کو کم کرنے کے بجائے ہر طرح کا بوجھ غریب عوام پر ڈال رہے ہیں،جماعت اسلامی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو مسترد کرتی ہے،ن لیگ، پیپلزپاڑٹی اور تحریک انصاف ملک کی معیشت کی تباہ حالی اور غریب عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھیننے میں برابر کی ذمے دار ہیں۔