ملک میں بیرونی مداخلت سے ناقابل تلافی نقصان ہوسکتا ہے،سابق چیف جسٹس

262

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سابق جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس نورالحق قریشی نے کہا ہے کہ بیرونی مداخلت سے ملک میں ہونے والا نقصان ناقابل تلافی ہوسکتا ہے۔ عدالتوں سے گزارش ہے کہ وہ اپنے فیصلے ترتیب سے کریں، رات 10 بجے عوام پر پیٹرول بم گرانا قابل مذمت ہے۔ وہ حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کررہے تھے۔ ان کے ہمراہ انصاف لائرز فورم کے سینئر نائب صدر سید احمد رشید، عمران علوی، عمران علویٰ، نعیم نورانی ، فیصل مغل اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ 25مئی کو حیدرآباد میں حیدرچوک پر جس انداز سے پولیس موجود تھی اور جس طرح کارکنوں کو حراسمنٹ کررہی تھی وہ بھی قابل مذمت ہے اورجب پارٹی کارکنان پر امن طور پر دوبارہ گل سینٹر پر جمع ہوئے تو ہمارے نوجوانوں پر لاٹھیاں برسائی گئیں اور عمر رسیدہ عہدداروں کو گرفتار کیا گیا وہ ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے پیٹرول کی قیمت میں 30 روپے تک اضافہ کر کے غریب عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے جبکہ موجودہ دور میں ڈالر200 روپے تک پہنچ گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حیدرآباد،ٹھٹھہ ، ٹنڈو الہیار ، نوابشاہ، لاڑکانہ، میرپورخاص اور پورے سند ھ میں جس انداز سے ہمارے کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارکر گرفتاریاں کی گئیں وہ اس حکومت اور اتحادیوں کی بوکھلاہٹ ناکامی کی دلیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت اقتدار حاصل کرنے کے بعد ہوس و حواس کھو بیٹھی ہے، ملک کی اقتصادی اور معاشی صورتحال پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ہے جبکہ امپورٹڈ حکومت تحریک انصاف کے حقیقی آزادی مارچ سے خوفزدہ ہوکر ہزاروں پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف جھوٹے اور خودساختہ کیس بنارہی ہے جبکہ نیب کے قوانین میں ترمیم احتساب کے عمل میں رکاوٹ ہے، لوڈ شیڈنگ میں عوام اور کاروبار کو دیوار سے لگا دیا ہے،آئی ایم ایف کی بدترین شرائط ماننا پاکستان کے ساتھ زیاتی ہے