دھمکی نہیں چلے گی‘الیکشن اگست 2023ء میں ہونگے‘ مریم اورنگزیب

301

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ایک شخص کی ذہنی حالت تشویشناک ہے، سکون کی گولی کھاکر عوام کو آرام کرنے دیں،عمران خان 4 سال اقتدارمیں تھے، عوام کے لیے کیا کیا؟، کان کھول کر سن لیں، دھمکی میں کوئی نہیں آئے گا، الیکشن اگست 2023ء میں ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کا احتجاج پرامن تھا تو تشددکیوں کیا، کیوں پولیس اہلکار شہید ہوئے، عدالت عظمیٰ نے انہیں ایچ نائن پرجلسے کی اجازت دی،یہ وہاں اپنی جلسی تک نہیں کر سکے۔عدالتی فیصلے کے بعد انہوں نے میٹرو اسٹیشن کو آگ لگائی، سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا، اپنے لوگوں کو بلا کر خود ہیلی کاپٹر میں بیٹھے رہے۔ لاکھوں روپے اپنے ایم این ایز کو دیے پھر بھی چند لوگ اکٹھے نہیں کر سکے،انہوں نے ملک کے آئین کو توڑا، صدر اور ڈپٹی اسپیکر سے آئین کی خلاف ورزیاں کرائیں،اسی آئین شکنی پرعدالت عظمیٰ نے آئین شکنی کا بھی فیصلہ دیا۔