راولپنڈی(صباح نیوز)سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ معاشی تباہی سے بچنے کے لیے عدلیہ، اداروں اور سیاستدانوں کو فوری بڑے فیصلے کرنے ہوں گے،ورنہ معاشی تباہی دروزاے پر دستک دے رہی ہے،30روپے فی لٹرپیٹرول میں اضافے کی پہلی قسط اور2 ہزار روپے مہینے خیرات کی جھوٹی تسلی معیشت کو تباہ ہونے سے نہیں بچا سکتی، اس لیے مسائل زدہ لوگ چوروں کے اس فرسودہ نظام کے خلاف جہاد کررہے ہیں۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں کیا۔ شیخ رشید نے کہا کہ ایک ووٹ کی اکثریت کا چیف منسٹر 20کروڑ کا ممبر خرید کر بھی اپنی حکومت نہیں بچا سکتے۔ آج گرے یا کل گرے، یہ حکومت ختم ہو کررہے گی، اسے کوئی نہیں بچا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جس ملک کا وزیر اعظم 24ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے کیس پر فخر کرے اور ایف آئی اے، نیب اور اے این ایف ان کے آگے ہاتھ جوڑ کر کھڑی ہو تو انصاف کا اللہ حافظ ہے، یہ اپنے کیسز ختم نہیں کراسکیں گے اور عنقریب جیلوں میں جائیں گے۔