موجودہ حکمران عنقریب جیلوں میں جائیں گے،شیخ رشید احمد

317

لاہور: سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ30 روپے فی لیٹر پیٹرول میں اضافے کی پہلی قسط اور 2 ہزار روپے مہینے خیرات کی جھوٹی تسلی معیشت کو تباہ ہونے سے نہیں بچا سکتی اس لیے مسائل زدہ لوگ چوروں کے فرسودہ نظام کے خلاف جہاد کر رہے ہیں،ایک ووٹ کی اکثریت کا وزیر اعظم اور ایک ووٹ کی اکثریت کا وزیر اعلیٰ 20 کروڑ کا ممبر خرید کر بھی اپنی حکومت نہیں بچا سکتے۔

ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ آج گرے یا کل گرے یہ حکومت ختم ہو کر رہے گی اسے کوئی نہیں بچا سکتا۔ جس ملک کا وزیراعظم 24 ارب کی منی لانڈرنگ کے کیس پر فخر کرے اور ایف آئی اے، نیب ،اے این ایف ان کے آگے ہاتھ جوڑ کر کھڑی ہو تو انصاف کا اللہ ہی حافظ ہے، یہ اپنے کیسز ختم نہیں کرا سکیں گے اور عنقریب جیلوں میں جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ معیشت تباہ حال ہے اور ملک ڈیفالٹ ہونے کے قریب ہے،سری لنکا کی آبادی 2 کروڑ ہے اور ہماری 22 کروڑ ہے اس لیے معیشت کو بچانے کے لیے جلد اہم اور بڑے فیصلے کرنے ہوں گے ورنہ معاشی تباہی ہمارے دروازے پر دستک دے رہی ہے،معاشی تباہی سے بچنے کے لیے عدلیہ ، اداروں اور سیاست دانوں کو فوری اہم اور بڑے فیصلے کرنے ہوں گے ۔