یاسین ملک کی سزا کےخلاف اپیل کےلئے دنیا کے ہر فورم پر میں خود جاﺅں گا، آصف زرداری

260

 کراچی: سابق صدر آصف علی زرداری نے حریت رہنما یاسین ملک کو جھوٹے مقدمے میں سزا کی سخت مذمت کرتے ہوئے اس کے خلاف اپیل کے لیے دنیا کے ہر فورم پر جانے کا اعلان کیا ہے۔

سابق صدرنے بھارتی عدالت کی جانب سے جھوٹے مقدمے میں حریت رہنما یاسین ملک کو عمر قید کی سزا سنائے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یاسین ملک کی سزا کے خلاف اپیل کے لیے دنیا کے ہر فورم پر میں خود جاﺅں گا۔

اپنے ایک بیان میں آصف زرداری نے کہا کہ یاسین ملک کو سزا دینے سے مودی کا اصل چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے، بھارت دنیا میں انتہا پسندی کی بنیاد رکھ کر کیا پیغام دینا چاہتا ہے، ہم کشمیریوں کو خون کبھی رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

آصف زرداری نے کہا کہ میرا اور پارٹی کا دل کشمیریوں کے دل کے ساتھ دھڑکتا ہے، کشمیریوں کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑیں گے، کشمیر کی آزادی کا وعدہ بھٹو اور بی بی نے کیا تھا اسکی تکمیل تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔