لاہور (نمائندہ جسارت) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے عمران خان کے لانگ مارچ میں 20 لاکھ افراد کی شرکت سے متعلق سوال اٹھا دیا۔ ٹوئٹر پر جاری بیان میں مریم نواز نے سوال کیا کہ کدھر گئے 20 لاکھ افراد؟ پنجاب بھر سے کل ملا کر 500 افراد نہیں نکلے۔انہوں نے کہا کہ لگتا ہے خیبر پختونخوا نے بھی فتنہ خان کی کال پر کان نہیں دھرے، اچھی بات ہے کہ عوام نے فتنے کو نہ صرف پہچان لیا بلکہ اسکا راستہ روک دیا۔ مریم نواز نے عمران خان کے ہیلی کاپٹر میں سفر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کارکن تپتی دھوپ میں سڑکوں پر خوار ہورہے ہیں اور عمران خان ہیلی کاپٹر پر سوار ہیں ۔علاوہ ازیں مریم نواز نے کہا ہے کہ حریت رہنما یٰسین ملک کو بھارت میں سزا سنانے پر مؤثر آواز ناکام مارچ کی نذر ہوئی لیکن پاکستان سے بھرپور آواز اٹھے گی اور دنیا بھر میں پہنچائیں گے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ حریت رہنما یٰسین ملک کو بھارت میں جو سزا سنائی گئی ہے، اس کی شدید مذمت کرتی ہوں۔انہوں نے کہا کہ آزادی اور ظلم سے لڑنے کے جذبے کو نہ تو عمر قید ہوسکتی ہے اور نہ اس کو پھانسی چڑھایا جاسکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے یٰسین ملک کے لیے بھرپور آواز اٹھے گی اور ہم اس آواز کو دنیا بھر میں پہنچائیں گے۔مریم نواز نے کہا کہ مجھے اس بات کا افسوس ہے کہ جہاں اتنی بڑی خبر ہے کہ کشمیر کے ایک بیٹے کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی تو اس سے پوری قوم کی توجہ کشمیر اور یٰسین ملک پر ہونی چاہیے۔