لاہور (نمائندہ جسارت) مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے لاہور میں پولیس کانسٹیبل کی شہادت کا ذمہ دار سابق وزیراعظم عمران خان کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا لٹکا ہوا چہرہ بتا رہا ہے کہ لانگ مارچ کا غلط فیصلہ کرکے پھنس گیا‘ ملک بچانے کے لیے تمام اداروں کو ایک پیج پر ہونا چاہیے‘ عدالتوں کو بھی ادب کے ساتھ کہنا چاہتی ہوں ایسی روایت نہ ڈالیں، ایسا نہ کریں کہ جو شخص سب سے بڑھ کر اداروں کو گالیاں نکالے اسی کے حق میں فیصلے ہوں‘ وزیراعظم اور وزیر داخلہ سے کہا ہے کہ عمران خان کو آنے دیں، گرفتار نہ کریں‘ عمران خان لانگ مارچ حکومت کے خلاف نہیں بلکہاسٹیبلشمنٹ کے خلاف کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مریم نواز نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں اداروں کو پیغام دیتی ہوں کہ عمران خان پاکستان کا سب سے بڑا فتنہ ہے وہ قوم کے بچوں کو مروانا چاہتا ہے، اداروں کو چاہیے کہ ملک کو فتنہ گر کے ہاتھوں یرغمال ہونے سے بچائیں‘ عمران خان میر جعفر اور میر صادق اسٹیبلشمنٹ کو کہتاہے‘ پہلے نواز شریف نے عمران خان کی حکومت ختم کی اور اب عمران خان کی سیاست بھی ختم کریں گے۔ رہنما مسلم لیگ نواز کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی سیاست کا آغاز ڈی چوک سے ہوا تھا اور اب ڈی چوک پر ہی تمہاری سیاست دفن ہوگی۔ مریم نواز نے تحریک انصاف پر الزام لگایا کہ تحریک انصاف نے اداروں پر حملہ کرنے کے لیے آنسو گیس کے شیل اور اسلحہ جمع کرکے رکھا ہے اور اس حوالے سے ہمارے پاس خفیہ اطلاعات موجود ہیں، جس کا واضح ثبوت ماڈل ٹاؤن میں کانسٹیبل کی شہادت ہے جس کے سینے میں گولی ماری گئی‘ پولیس کانسٹیبل کو دوران ڈیوٹی شہید کیا گیا‘جوکانسٹیبل شہیدہوا ہے ا س کا ذمے دارعمران خان ہے‘ عمران خان اب گرفتاری کے ڈر سے پشاور کے بینکر میں چھپ کر بٹھا ہے اور ملک بھر میں کارکن گرفتار ہو رہے ہیں‘ ن لیگ نے الیکشن کرانے کا سوچا تھا مگر دھمکی میں آکر الیکشن نہیں کرائیں گے اور نہ ہی حکومت تبدیل ہوگی۔ مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے امریکی سازش کا کوئی ذکر نہیں کیا اور یہاں امریکی سازش کا رونا رہا ہے‘ ایک دن عمران خان خود بولے گا کہ وہ استعمال ہوا‘حکومت سے نکالے جانے پر عمران خان کو صدمہ پہنچا‘ آپ نے اپنے بچوں کو لندن میں بٹھایا ہے اور قوم کے بچوں کو مروانا چاہتے ہیں۔