آئندہ عام انتخابات کا اعلان حکومت اتحادی جماعتوں کے اتفاق رائے سے کریگی،مریم اورنگزیب

291

اسلام آباد (صباح نیوز/ آن لائن) وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات کے انعقاد کا اعلان حکومت اپنی تمام اتحادی جماعتوں کی مشاورت سے کرے گی۔ عمرا ن خان کے لانگ مارچ کے اعلان اور فوری انتخابات کے مطالبے کے جواب میں انہوں نے ایک انٹریو میں کہا کہ عمران خان کو آئندہ عام انتخابات کی تاریخ مسلط کرنے کا کوئی اختیار نہیں کیونکہ یہ متحدہ حکومت اور اس کے اتحادیوں کا ہی اختیار ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کا بدھ کے روز لانگ مارچ کا اعلان آئی ایم ایف کے ساتھ پاکستان کے مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی براہ راست کوشش ہے‘ عمران خان اقتدار کے حصول کے لیے اس قدراندھے ہوگئے ہیں کہ وہ اپنے اس مقصد کی تکمیل کے لیے ملک میں بدامنی پھیلانے سے بھی گریز نہیں کر رہے۔ علاوہ ازیںوفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے ٹک ٹاک کے ریجنل ہیڈ آف ایشیا پیسیفک کی قیادت میں6 رکنی وفد نے ملاقات کی ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ سوشل میڈیا کی آزادی پر مکمل یقین رکھتے ہیں‘ معاشرے میں انتشار پھیلانے، فیک نیوز اور کردار کشی کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال کی اجازت ہر گز نہیں دیں گے‘ آئین پاکستان شہریوں کے حقوق اور آزادی اظہار رائے کو تحفظ فراہم کرتا ہے‘عوام کو ٹک ٹاک کے استعمال سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت ہے‘ شعور کی آگاہی کے لیے ٹک ٹاک انتظامیہ مقامی زبان کو ترجیح دے۔