مری گلیات روڈ پر ڈرائیوروں کی ریس 8 زندگیاں نگل گئی

287

اسلام آباد (آن لائن) گلیات روڈ پر خیرہ گلی کے مقام پر کوسٹر کھائی میں گرنے کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور12 زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مری کے گلیات روڈ پر خیرہ گلی کے مقام پر 2 بسیں ریس لگانے کے دوران آپس میں ٹکرا گئیں اس کے بعد ایک کھائی میں جاگری ۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی اہل علاقہ کی بڑی تعداد جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کردیں، جب کہ کچھ دیر کے بعد ریسکیو اور پولیس کی ٹیمیں بھی پہنچ گئیں۔ ترجمان ریسکیو نے بتایا کہ حادثے میں ایک کوسٹر کھائی میں گرگئی جس کے باعث آپریشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا‘ زخمی ہونے والے 12 افراد کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال مری منتقل کردیا گیا ہے، جب کہ 8 افراد کی لاشیں بھی نکالی جا چکی ہیں اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے مری ٹریفک حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ حادثے میں زخمی ہونے والے ایک عینی شاہد نے بتایا کہ دونوں بس ڈرائیوروں کی جانب سے ریس لگائی جار ہی تھی اور تیز رفتاری کے باعث دونوں بسیں آپس میں ٹکرا گئیں اور ایک کھائی میں جا گری۔