یاسین ملک کے خلاف مقدمہ غیرقانونی اور ناجائز ہے،شہباز شریف

92

اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم شہبازشریف نے ممتاز حریت راہنما محمد یاسین ملک کو دہشت گردی کے جعلی مقدمے میں ملوث کرنے کے اقدام کی شدید مذمت کی ہے ۔پیر کے روز جاری ایک بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بے مثال بہادری و حریت کی علامت اور ضمیر کے قیدی یاسین ملک کے خلاف بھارتی ہتھکنڈہ مسترد کرتے ہیں ، یہ کشمیریوں کو جھکانے کی ناکام کوشش ہے ۔ انہوں نے کہا عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کونسل ماورائے قانون وانصاف اور انتقام پر مبنی بھارتی اقدام کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا حکومت پاکستان عالمی وانسانی حقوق کے تمام اداروں اور اوآئی سی کے فورم پر یاسین ملک اورکشمیری قیادت کے خلاف انتقامی کارروائیوں کوپوری قوت سے اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا 5 اگست 2019کے ناجائز اور غیرقانونی اقدامات کی طرح یاسین ملک کے خلاف مقدمہ بھی غیرقانونی اور ناجائز ہے ۔ انہوں نے کہا جموں وکشمیر پر ناجائز قبضہ کرنے والا بھارت کشمیریوں کی نمائندہ حقیقی قیادت کو ختم کرنے کی سوچی سمجھی منصوبہ بندی پر عمل پیرا ہے ۔ انہوں نے کہا آزادی کشمیر کی نشانی سید علی گیلانی شہید کے جسد خاکی سے ڈرنے والا بھارت یاسین ملک کی حق گوئی سے خوف زدہ ہے ۔