ن لیگ، پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کرپٹ مافیا کی صورت میں ملک پر مسلط ہیں، سراج الحق

248
congratulations

بہاول پور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں کرپٹ مافیا ن لیگ،پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کی صورت میں مسلط ہے، جس کی وجہ سے آج ملک میں مہنگائی بدامنی،بے انصافی کا راج ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے آئی ایم ایف سے قرضے لیے اور عوام پر لگانے کی بجائے کھا گئے، وہ وقت دور نہیں جب ان حکمرانوں کا گریبان ہو گا اور عوام کا ہاتھ ہوگا، اس خطے میں انقلاب کی ضرورت ہے ایسا انقلاب جو نبی مہربان مدینہ میں لائے تھے۔

سراج الحق نے چولستان کی حالت زار اور حکومتی بے حسی پر حکومت اور مقامی منتخب نمائندوں کو خوب آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ چولستان میں موجودہ خشک سالی کی تصاویر ساری دنیا نے دیکھی ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ چولستان کے وسائل اور نہری پانیوں پر وی وی آئی پیز اور طاقتور طبقے کا قبضہ ہے جبکہ غریب چولستانی بوند بوند پینے کے پانی کو ترس رہا ہے، چولستان میں سینکڑوں جانور ہیٹ ویوو اور آلودہ پانی پینے سے لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ انسانی زندگیوں کو بھی شدید خطرات لاحق ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ مقامی منتخب نمائندے اپنی کرسیاں بچانے میں لگے ہوئے ہیں جبکہ اپنے ہی حلقے کے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، طاقتور طبقے کے گھوڑوں اور کتوں کے لیئے ائرکنڈیشن کے ٹھنڈے کمرے اور اصطبل موجود ہیں لیکن چولستانیوں کے لیئے پانی نہیں ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ حکمران چاہے تو چولستان کے تمام مسائل بآسانی حل کیئے جاسکتے ہیں، قیام پاکستان سے لے کر اب تک چند سیاسی جماعتوں اور چند ہی خاندانوں کا قبضہ ہے جن کی وجہ سے ملک پر اربوں ڈالر کے قرضے ہیں جبکہ قرض کی رقم بھی خود ہی یہی سیاستدان ہڑپ کرگئے ہیں۔