چیف جسٹس بلوچستان ہائیکور ٹ سے قانون و انصاف کمیٹی کے وفد کی ملاقات

141

کوئٹہ (صباح نیوز) چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ نعیم اختر افغان سے صوبائی کمیٹی برائے قانون و انصاف بلوچستان کے وفد کی ملاقات، ملاقات کی صدارت چیف جسٹس عدالت عالیہ بلوچستان نعیم اختر افغان نے کی۔ عدالت عالیہ بلوچستان کے ایک اعلامیے کے مطابق ملاقات میں صوبائی کمیٹی برائے قانون و انصاف بلوچستان سے سیکرٹری کمیشن برائے قانون و انصاف اسلام اباد محترمہ رفعت انعام بٹ اور ان کے ساتھ آئے ہوئے وفد نے بات چیت کی، ملاقات میں ضلعی و ذیلی جیل خانوں میں قیدیوں کو تعلیم، صحت، مضرصحت کھانوں، گیس، پانی، بجلی اور جیل کی عمارت کے حوالے سے درپیش مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کرتے ہوئے ان کے حل کرنے پر زور دیا گیا اور جیلوں میں منشیات، موبائل فون اور دیگر ممنوعہ اشیا کا استعمال روکنے کیلیے سخت ہدایات جاری کی گئیں۔ اسی طرح بی ایم سی اسپتال کوئٹہ میں جیل وارڈ بنانے، تھانوں میں جلد از جلد بہتر سہولیات فراہم کرنے، عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات میں بروقت چالان پیش کرنے، تعمیل کنندگان کو اطلاعات میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی سہولیات فراہم کرنے اور لاہور کی طرز پر بلوچستان میں بھی فرانزک سائنس لیبارٹری بنانے کیلیے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی گئیں۔ صوبائی کمیٹی برائے قانون و انصاف بلوچستان نے اس سلسلے کی آئندہ ہونے والی ملاقات میں رپورٹ پیش کرنے کی واضح ہدایات جاری کیں۔