حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)چوڑی کی صنعت کے مزدور رہنماؤں کا ہنگامی اجلاس ”رحمت اللہ سینٹر” لطیف آباد 12 میں منعقد ہوا اجلاس میں سیسی فاؤنڈیشن کے چیئرمین کو خصوصی دعوت پر شریک کیا گیا۔رہنماؤں ارشاد بھائی’ مجیب الرحمٰن خان ‘ رحمت اللہ خان’ اظہر گدی’ محمد ناصر’ محمد ریحان’ محمد حسین خان’ عادل علی’ رفیق احمد اور شکیل خان نے کہا کہ سوشل سیکورٹی قانون کے باوجود کئی سال سے بے شمار ملازم محنت کش سوشل سیکورٹی کوریج/ کارڈ اور علاج معالجے سے محروم ہیں حادثات اور بیماری کی افسوس ناک مثالیں موجود ہیں’ جن کا کوئی پرسان حال نہیں،5 کارخانوں کے مالکان نے اچانک غیر قانونی تالا بندی کردی ہے اور مزدور کی قانونی اجرت بھی ادا نہیں کی جا رہی ہے، محنت کشوں کے گھروں میں فاقوں کی نوبت ہے۔اجلاس میں چوڑی مزدور کو اس کا بنیادی حق دلانے کے لیے لائحہ عمل طے کیا گیا انہوںنے کہاکہ مزدور کے حق کے لیے بہت جلد مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔ سیسی آفیسرز منیجمنٹ فاؤنڈیشن کے چیئرمین عابد بخاری سابق ممبر گورننگ باڈی سیسی/ممبر فاؤنڈیشن عثمان میمن’ ممبرز فاؤنڈیشن چودھری رفیق’ عبدالغفور شیخ’ عمران خان، ریاض رضا اور سید انعام علی نے چوڑی کارخانوں کے مزدوروں کی اکثریت کا سالوں سے سوشل سیکورٹی کوریج نہ کرنے/ کارڈ نہیں بنانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور اسے مزدور سے زیادتی’ قانون کی خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ سوشل سیکورٹی انکم کو لاکھوں روپے کا مسلسل نقصان قرار دیا ہے۔