یٰسین ملک کی رہائی کیلیے سفارتی راستہ اختیار کرینگے‘ مریم اورنگزیب

312

اسلام آباد (آن لائن)وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بھارت 75 سال سے کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہا ہے لیکن ہر ظلم کے بعد کشمیریوں کو عزم مزید مضبوط ہوجاتا ہے، بھارت یسٰین ملک کی حق گوئی سے ڈرتا ہے،یٰسین ملک کی رہائی کے لیے سفارتی اور قانونی محاذ پر ہر جائز راستہ اختیار کریں گے اور عالمی انسانی حقوق کے تحت اپنی حکمت علمی تیار کرکے وزیراعظم کو پیش کریں گے۔ جبکہ مشعال ملک نے پاکستانی پارلیمنٹ یسٰین ملک کی فوری رہائی کے لیے قرار داد پاس کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔اسلام آباد میں یسٰین ملک کی اہلیہ مشعال ملک اور ان کی بیٹی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ 64 ایسے لوگ ہیں جن کا کوئی پتا نہیں کہ وہ کہاں ہیں،کس ٹارچر سیل یا جیل میں ہیں، ان کا کئی برسوں سے اپنے اہل خانہ سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت یسٰین ملک کی حق گوئی سے ڈرتا ہے، ان کے تمام حقوق سلب کیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میری وزارت قانون اور وزارت انسانی حقوق سے بات ہوئی، وزیراعظم نے ان کو اس حوالے سے ہدایات جاری کردی ہیں اور انہوں نے اس پر کام شروع کردیا ہے، ہم سفارتی اور قانونی محاذ پر بھی ہر جائز راستہ اختیار کریں گے اور عالمی انسانی حقوق کے تحت اپنی حکمت علمی تیار کرکے وزیراعظم کو پیش کریں گے اور ان کا باقاعدہ اعلان بھی کریں گے۔