انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی چمپئن شپ کا آغاز ، حنیف خان الیون کی فتح

286

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پی ایچ ایف کی ہدایت پر کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے تحت شہر کے تمام ڈسٹرکٹ میں چیف آف آرمی اسٹاف انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی چمپئن شپ کا آغاز ہوگیا۔ اس سلسلے میں کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس ڈسٹرکٹ ایسٹ میں منعقدہ چمپئن شپ کا افتتاح کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے چیئرمین گلفراز احمد خان نے کیا، افتتاحی روز کھیلے جانے والے پہلے میچ میں حنیف خان الیون نے اپنے مخالف کراچی ٹائیگرز کو 1-12 کی واضح برتری سے شکست دیدی، پہلے ہاف کے اختتام پر فاتح ٹیم کو 0-5 کی برتری حاصل تھی دوسرے ہاف میں مخالف ٹیم سنبھل نہ سکی جس کے باعث حنیف الیون نے مزید 7 گول کرکے مقابلہ جیت لیا۔ فاتح ٹیم کے عدیان خان نے تین، عبدالرحیم اور حماد مصطفیٰ نے دو، دو جبکہ محمد اسمعیل، محمد ابرار، وہاب شیخ، حسن علی اور رایان نے ایک ایک گول اسکور کیے، کراچی ٹائیگرز کا واحد گول راجا مرتضیٰ نے کیا، دوسرے میچ میں ایس جعفری ہاکی کلب نے اوسس کلب کے خلاف 0-3 سے کامیابی حاصل کی، پہلے ہاف کے اختتام پر فاتح ٹیم کو 0-1 گول کی سبقت حاصل تھی۔ تاہم فارورڈ کے عمدہ کھیل کے باعث دوسرے ہاف فاتح ٹیم نے مزید دو گول کر کے مقابلہ جیت لیا، جعفری کلب کے سمیع دو بار جبکہ فخر عباس ایک بار گیند جال میں پھینکنے میں کامیاب رہے، ایونٹ میں 8 کلبز شریک ہیں جبکہ فائنل 21 مئی کو شیڈول ہیں۔