کوئٹہ: آگ نے چلغوزے، زیتون کے باغ کو لپیٹ میں لے لیا‘ 3 افراد جاں بحق

110

کوئٹہ (اے پی پی) بلوچستان کے ضلع شیرانی میں دانہ سر کے سلسلے میں جنگلات میں گزشتہ 9 روز سے لگی آگ بے قابو ہوگئی، آگ نے شرغلئی میں بھی چلغوزے کے قدرتی جنگل کو بھی لپیٹ میں لے لیا ہے جس سے زیتون اور چلغوزے کے قدرتی اور قیمتی درختوں کو مسلسل نقصان پہنچ رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق آگ پر قابو پانے کیلیے کوششیں کی جارہی ہیں، قریبی علاقے میں ڈیم نہ ہونے کے باعث فضائی آپریشن کیلیے پانی کے حصول میں بھی مشکلات پیش آرہی ہیں جبکہ آگ بجھانے کی کوشش میں 3 افراد جھلس کر جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق آگ بجھانے کیلیے10 مقامی افراد بشمول لیویز اہلکار پہاڑوں پر گئے تھے تاہم آگ کے شعلے شدید ہونے کے باعث وہ وہاں پھنس گئے جن میں سے 7 کو زخمی حالت میں بچالیا گیا۔ جنگلات میں لگی آگ بجھانے کیلیے دسویں روز این ڈی ایم اے کا ایک ہیلی کاپٹر متاثرہ علاقے میں مدد کیلیے پہنچ گیا ہے تاہم فضائی آپریشن سے بھی آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا ہے۔