واٹر بورڈ کے نظام کی اصلاحات کیلیے نیا قانون تیار کرلیا ، سید صلاح الدین

167

کراچی ( رپورٹ محمد انور ) کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے سیکرٹری اور عالمی بینک کے تعاون سے واٹر بورڈ میں جاری پروجیکٹ کے ڈائریکٹر انجینئر سید صلاح الدین احمد نے بتایا کہ واٹر بورڈ کے نئے ایکٹ کو تیار کرلیا گیا جسے صوبائی حکومت کو بھجوا دیا گیا ہے تاکہ اس کی منظوری حاصل کرلی جائے۔ وہ گزشتہ روز ” جسارت ” سے گفتگو کررہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ بینک کے پروجیکٹ کے تحت ادارے کی اصلاحات کا کام جاری ہے۔ جس کے تحت ادارے کا سربراہ آئندہ چیف ایگزیکٹیو افسر ہوگا جبکہ اس کے ماتحت ایک چیف آپریٹنگ آفیسر ہوگا جن کے تقرر کے لیے بین الاقوامی اشتہار دیے جاچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے واٹر و سیوریج نظام کی امپرومنٹ کے لیے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے جن کی تکمیل کے بعد شہریوں کو پانی اور سیوریج کے نظام میں واضح بہتری نظر آئے گی۔ سیدصلاح الدین نے بتایا کہ شہر کی کچی آبادیوں سے گزرنے والے نکاسی آب کے نظام کی بہتری بھی کی جارہی ہے۔ ساتھ ہی شہر کے لیاقت آباد ، گلبرگ اور دیگر علاقوں کا سیوریج کے مین ٹرنک نظام کوپرائرٹی سیوریج نیٹ ورک امپرومنٹ پروجیکٹ کے تحت بہتر بنادیا جائے گا۔ اس منصوبے پر جولائی سے کام شروع کردیا جائے گا جس پر 6 ارب روپے لاگت آئے گی۔ جبکہ بلک واٹر سسٹم پر جلد ہی 175 میٹر نصب کیے جائیں گے۔ کے ڈبلیو اینڈ ایس ایس آئی پروجیکٹ کے تحت ادارے کے صارفین کی تعداد کے الیکٹرک کے صارفین کے مساوی کیے جانے کا منصوبہ ہے۔ تاکہ ادارے کی آمدنی میں اضافہ کیا جاسکے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ ابھی واٹر بورڈ کے کل صارفین کی تعداد 12 لاکھ ہے جبکہ کے الیکٹرک کے کنزیومر 25 لاکھ ہیں۔