کوئٹہ ،پولیس کی کارروائی ،اغوا برائے تاوان میں ملوث گروہ گرفتار

274

کو ئٹہ(نمائندہ جسارت )کوئٹہ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اغوا برائے تاوان میں ملوث گروہ گرفتارکرلیا،ملزمان نے متعدد بچوں کو اغوا کر کے اہل خانہ سے کروڑوں روپے وصول کر چکے ہیں۔ ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ سید فداحسن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ اور ایس ایس پی انوسٹی گیشن کی زیرنگرانی کوئٹہ پولیس اور سی آئی اے پولیس کی انتھک محنت اور کوششوں کی بدولت کوئٹہ شہر میں پچھلے دوسالوں سے اغوا اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث گروہ جنہوں نے چار بچوں کو اغوا کرکے بھاری رقم وصول کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ملوث ملزمان کے گروہ کا قلع قمع کیا کیا اور گرفتارملزمان سے اسلحہ بارود ، دو گاڑیاں اور 40 لاکھ روپے نقد برآمد کیے ہیں ۔ڈی آئی جی کوئٹہ کا مزید کہنا تھا کہ دوران تفتیش گرفتارملزمان نے دیگرمقدمات میں بھی ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزمان نے دو سال کے دوران چار بچوں کو اغوا کرکے متاثرہ خاندان سے 2کروڑ روپے سے زائد رقم وصول کی ہے ، اب تک صرف 40 لاکھ روپے ریکورکیے گئے ہیں ۔ دوسری طرف متاثرہ بچوں کے اہل خانہ نے ملزمان کی گرفتاری پر خوش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس فورس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ملزمان کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔