ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت)تھانے میں قیدی کی ہلاکت کا معاملہ، ورثا کا لاش سمیت مین قومی شاہراہ پر دھرنا، ٹریفک معطل ایم پی اے کی یقین دہانی پر دھرنا ختم، ایس ایس پی ٹھٹھہ نے 2 پولیس افسران اور ایک اہلکار کو معطل کرکے کواٹر گھاٹ کردیا 2 روز قبل ٹھٹھہ پولیس نے بیوی کو چھری مارنے کے الزام میں ایک شخص نورو ملاح کو گرفتار کیا تھا جس کی ٹھٹھہ تھانے میں ہلاکت ہوگئی پولیس نے نورو ملاح کی ہلاکت کو خودکشی قرار دیا جبکہ ورثاء نے نورو ملاح کی ہلاکت کو قتل قرار دیا ٹھٹھہ پولیس نے لاش دینے سے انکار کیا جس کے بعد ورثاء نے ٹھٹھہ تھانے کا گھیراؤ کیا اور تھانے کے باہر نعرے بازی بھی کی۔ پیپلز پارٹی کے ایم پی اے سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے لاش پولیس سے ورثا کے حوالے کرنے کے ساتھ ساتھ پوسٹ مارٹم کے لیے مکلی سول اسپتال پہنچوائی۔ پولیس کے خلاف کارروائی نہ ہونے پر بدھ کی صبح نورو ملاح کے ورثاء اور دیگر سیکڑوں افراد نے لاش سمیت ٹھٹھہ حیدرآباد مین قومی شاہراہ پر دھرنا دیا اور پولیس کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔ دھرنے کے باعث ٹھٹھہ حیدرآباد آنے جانے والے رستے بھی بند ہوگئے 4 گھنٹے بعد ایم پی اے سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے دھرنا ختم کروایا اور ورثاء کو یقین دہانی کروائی کہ اس واقعے کی تحقیقات اور ایس ایس پی ٹھٹھہ سے بات چیت کی جائے گی۔ ایس ایس پی ٹھٹھہ عدیل حسین چانڈیو نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او ٹھٹھہ محمد حسین پتافی اے ایس آئی عبدالجبار لغاری اور شفقت حسین پلیجو کو معطل کرکے کواٹر گھاٹ کردیا۔