کوٹری(جسارت نیوز)جامشورو کی رہائشی بیوہ خاتون صائمہ راجڑ نے اپنی ماں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ میرے شوہر علی محمد راجڑ نے اپنی زندگی میں انڈس ہائی وے پر 18 ایکڑ 18 گھنٹہ زمین فروخت کردی تھی جس پر میرے دیور ظہیر حسین، ریاض حسین اور زاہد حسین راجڑ مجھ سے زمین کا حصہ مانگ رہے ہیں اور مسلسل مجھے دھونس دھمکی دے کر پریشان کر رہے ہیں جس سے سخت ذہنی دبائو کا شکار ہوچکی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میرے دیوروں نے دھمکی دی ہے کہ اگر ہمارہ حصہ نہیں دیا تو ہم زمین پر قبضہ کرلیں گے اور خریدار کو بھی بھگا دیں گے جس پر میں نے ڈی آئی جی اور ایس ایس پی جامشورو کو تحریری شکایت بھی ارسال کی ہے لیکن پولیس بااثر دیوروں کے خلاف کارروائی کرنے سے گریزاں ہے۔انہوں نے چیف جسٹس پاکستان سے اپیل کی ہے کہ نوٹس لے کر انصاف فراہم کریں۔