’’شیخ رشید جھوٹ بول رہا ہے‘‘حامد میر کے سوال پر آئی ایس پی آر کا جواب

350

اسلام آباد (صباح نیوز)سینئر صحافی اینکر پرسن حامد میر نے کہاہے کہ آئی ایس پی آر نے شیخ رشید کے ان دعوئوں کی تردید کردی ہے جس میں انہوں نے کہا کہ تھا راولپنڈی ،اسلام آباد میں نگران وزیر اعظم کے لیے انٹرویوز ہو رہے ہیں۔ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حامد میر نے کہا کہ شیخ رشید کھلم کھلا کہتا ہے کہ وہ اداروں کا ترجمان ہے، اس نے کہا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں کچھ معیشت دانوں کے نگران وزیر اعظم کے لیے انٹرویوز کیے جا رہے ہیں، شیخ رشید نے 16 مئی کو 48 گھنٹے کی ڈیڈ لائن دی کہ فیصلے ہونے والے ہیں لیکن آج ڈیڈ لائن ختم ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج کا ترجمان آئی ایس پی آر ہے، شیخ رشید کے دعوئوں کے بعد جب انہوں نے آئی ایس پی آر سے پوچھا کہ شیخ رشید کہہ رہا ہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں انٹرویوز ہو رہے ہیں، 48گھنٹے میں کچھ ہونے والا ہے، بتایا جائے کہ آپ کس کا انٹرویو کر رہے ہیں؟ اس پر آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ بالکل غلط ہے اور شیخ رشید جھوٹ بول رہا ہے۔