عوام کیلیے مہنگائی کا طوفان لانے سے بہتر ہے حکومت چھوڑ دی جائے ، مریم نواز

264

سرگودھا(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ آج اگرڈالرآسمان پر اور معیشت وینٹی لیٹر پر ہے تو اس کے ذمے دار پی ٹی آئی چیئرمین ہیں، اگر حکومت کو پیٹرول کی قیمت بڑھانی پڑے تو اس کے ذمے داربھی عمران خان ہیں۔ سابق حکومت کی تباہی کا ٹوکرا اپنے سر نہیں لے سکتے، عوام کے لیے مہنگائی کا طوفان لانے سے بہتر ہے کہ حکومت چھوڑ دی جائے۔ سرگودھا میں مسلم لیگ ن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ یہ شہر سرگودھا سے پیار کرنے والوں کا شہر ہے، نوازشریف لندن میں بیٹھ کر جلسے کو دیکھ رہے ہیں، کہا جاتا تھا میرے والد کی سیاست ختم ہو گئی، آج ہر جگہ قائد ن لیگ کے نعرے لگ رہے ہیں، نوازشریف نے پاکستان سے لوڈ شیڈنگ کاخاتمہ کیا اور ملکی معیشت کو درست سمت میں گامزن کیاتھا۔ انہوں نے کہا کہ ایک نااہل کو پاکستان کے عوام پر مسلط کیا گیا، نااہل کے آنے کے بعد لوڈ شیڈنگ دوبارہ شروع ہو گئی، معیشت تباہ ہو گئی، 4سال میں ملک کوتباہ کرنے والا شہبازشریف سے 4ہفتے کا حساب مانگ رہا ہے، عمران خان ایک منٹ بھی اپنی کارکردگی پربات نہیں کر سکتا، لیگی قائد کو لوگ کہہ رہے ہیں کہ واپس آجائوآپ کی ضرورت ہے۔ لیگی نائب صدر نے کہا کہ پہلے اس جھوٹے شخص نے 35پنکچر کا ڈراما کیا لیکن ثبوت نہیں دیا، جب سے شہبازشریف کی حکومت آئی یہ نالائق40تقریریں کرچکا ہے، ایک تقریرمیں بھی یہ اپنی کارکردگی پرنہیں بولا، یہ ایک منٹ بھی اپنی کارکردگی پربولنے کے قابل نہیں۔ اب جعلی خط لے آیا اس کا بھی کوئی ثبوت نہیں دیا۔ غیر ملکی سازش کا بھی جھوٹا ڈراما کیا، اب ایک اورڈراما کیا کہ میرے قتل کی سازش ہو رہی ہے، مریم نواز نے کہا کہ عمران خان اگلے الیکشن میں دھاندلی کی تیاری کر چکا تھا، ہم نے ان کی حکومت گرا کر اس کے 12سالہ پلان کو فیل کر دیا، عمران تم چاہے الٹے لٹک جائوتمہارا کھیل ختم ، تم نے سرجھکا کرآئی ایم ایف کی شرائط کومانا۔ان کاکہنا تھا کہ جس بندے نے ہمیشہ زکوٰۃ سے گزارا کیا اسے خود مختاری، آزادی کے بھاشن نہیں دینے چاہئیں، یہ ناپاک زبان سے ریاست مدینہ کی بات کرتا ہے، عمران خان ایک فتنے کا نام ہے۔لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ جس جس نے اس سانپ کو دودھ پلایا اس نے اسے ہی ڈس لیا، یہ اتنا بڑا فتنہ ہے، کہتا ہے اسٹیبلشمنٹ ساتھ نہ دے تو جانور ہیں، کہتا ہے میڈیا میرے جھوٹوں کو سپورٹ کرے تو ٹھیک نہ کرے تو غیرملکی ایجنٹ، کہتا ہے جب تک کرسی پربیٹھا رہوں تو زندہ باد، اگرنہ رہوں تو ایٹم بم گرادو، عمران خان نے آئین توڑا، رات کو عدالتیں کھلیں، اس دن سے لے کرججزکوگالیاں دیتا ہے۔مریم نواز نے کہا کہ جب تک عمران خان جیسا فتنہ موجود ہے، پاکستان ترقی نہیں کرسکتا، اس فتنے کا دوسرا نام تباہی ہے، ہر شہری، ماں، بیٹی بزرگ، عدلیہ، افواج پاکستان اور میڈیا کا فرض ہے کہ اس فتنے کو روکے۔جلسے میں سابق گورنر محمد زبیر ، سینئر رہنما پرویز رشید ، مسلم لیگ نواز پنجاب کے جنرل سیکرٹری اویس لغاری ، عظمیٰ بخاری ، ثانیہ عاشق سمیت اراکین قومی و صوبائی ،صدرو جنرل سیکرٹریز ، ٹکٹ ہولڈرز کے علاوہ کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی ، دوسری طرف قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سیکورٹی کے سخت انتظامات کر رکھے تھے۔