اسلام آباد ( آن لائن ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے ن لیگ پر الزام عائد کیا ہے کہ ایف آئی اے کیسز کا ریکارڈ ماڈل ٹاؤن کی دو کوٹھیوں میں لے گئے، تمام کیسز کی فائلوں کو بھی بدلا گیا اور جن افسران کے پاس شریف خاندان کے کیسز تھے انہیں عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ایف آئی اے کا سارا ریکارڈ ماڈل ٹاؤن لاہور کی دو کوٹھیوں میں لے جایا گیا ہے، جن افسران کے پاس شریف خاندان کے کیسز تھے انہیں عہدوں سے ہٹا دیا گیا اور تمام کیسز کی فائلوں کو بھی بدل دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہفتہ بڑا اہم ہے، اس ہفتے اہم فیصلے ہوں گے، رانا ثناء اللہ ایسی غلطی کریں گے جو ان کے گلے پڑے گی، خود کو این آر او دینے کا ان کا 50 سال کا تجربہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے این ایف میں 15 شہادتیں تھیں، کسی کو شہادت نہیں دینے دی، انہوں نے فرد جرم بھی نہیں لگنے دی۔شیخ رشید نے کہا کہ چور کو انصاف کے کٹہرے سے نہیں بچنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نیب کو دھمکا رہے تھے، سپریم کورٹ نے انہیں روک کر تاریخی اور سنہری فیصلہ دیا، ای سی ایل سے دو وزیر نام نہیں نکال سکتے، حتمی فیصلہ کابینہ کی منظوری سے ہوتا ہے۔اس حکومت نے آتے ہی ڈی جی ایف آئی اے ثناء اللہ عباسی کو ہٹا یا، پراسیکیوٹر نے عدالت میں کہا کہ ہمیں اس کیس میں دلچسپی نہیں۔