پشاور (کامرس ڈیسک) میئرپشاورسٹی حاجی زبیر علی نے ہمراہ ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر احتشام الحق پشاور چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کا دورہ کیا۔ پشاور چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر خالد فاروق ملک، گروپ لیڈر پشاور چیمبر ملک مہر الہی، سینئر نائب صدر حاجی وحید، ترجمان مرکزی تنظیم تاجران شہزاد صدیقی، ایگزیکٹو ممبران اور مختلف بازاروں کے صدور نے ڈی سی شفیع اللہ خان، میئر پشاورسٹی حاجی زبیر علی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر احتشام الحق، اور دیگر افسران کو چیمبر آمد پر خوش آمدید کہا۔صدر پشاور چیمبر خالد فاروق ملک نے مہمانوںکو پشاور چیمبر کی اہمیت اور کارکردگی اور تاجر برادری کے مسائل کے حوالے سے تفصیلی آگاہی دی۔گروپ لیڈر ملک مہر الہی نے شہر یوں کودرپیش مسائل اور بنیادی سہولیات کی محرومیوں، شہر کی صفائی، ٹریفک کے مسائل، صاف پانی کی فراہمی، مہنگائی اور عوام کو اشیائے خوردونوش کی سستے داموں فراہمی کو یقینی بنانے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔شہر میں بڑھتی ہوئی منشیات وسیکیورٹی حالات کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سیف سٹی پروجیکٹ پر عمل درآمد کو فوری طور پر شروع کرنے کے حوالے سے اپیل کی۔ اجلاس میں موجود دیگر رہنماوں نے ڈی سی پشاور شفیع اللہ اور میئر پشاور سٹی حاجی زبیر علی کو اپنے مسائل کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔