عدالت عظمیٰ کا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حقوق پراہم فیصلہ

100

اسلام آباد(صباح نیوز ) عدالت عظمیٰ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حقوق سے متعلق اہم فیصلہ سناتے ہوئے قراردیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے قانونی حقوق اور شکایات کے ازالے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔ جسٹس یحییٰ خان آفریدی کے فیصلے میں کہا گیا کہ اورسیز پاکستانی ملک میں نہ ہونے کے باعث اپنے مقدمات کی پیروی موثر طریقے سے نہیں کر سکتے،انصاف کی عدم فراہمی سے بیرون ملک مقیم پاکستانی محرومی کی حالت میں ہیں،اس لیے لازمی ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے قانونی حقوق کے تحفظ اور ان کی شکایات کے ازالے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں،فیصلے میں مزید کہا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مقدمات کے جلد فیصلے کے لیے اقدامات کیے ہیںجبکہ پنجاب میں اورسیز پاکستانیوں کے لیے قانون بھی بنایا گیا ہے،لاہور ہائیکورٹ اور پنجاب حکومت کے اقدامات قابل تعریف ہیں،اس لیے توقع کرتے ہیں کہ وفاق اور دیگر صوبے بھی پنجاب حکومت کے جیسے اقدامات کریں گے۔فیصلے میں حکم دیا گیا کہ عدالت عظمیٰ کے حکم کے مطابق مناسب اقدامات کے لیے فیصلے کی کاپی تمام ہائیکورٹس کے رجسٹرارز کو بھجوائی جائے،وفاقی اور صوبائی سیکرٹریز قانون کو بھی فیصلے کی کاپی بھجوائی جائے۔