امریکا کی پاکستانی معیشت کو سنبھالا دینے کی یقین دہانی ،بلاول کی ہم منصب سے ملاقات

228

ٰٰٓواشنگٹن/ نیویارک (صباح نیوز) امریکا نے پاکستانی معیشت کو سنبھالا دینے کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرادی، وزیر خارجہ بلاول زرداری نے امریکی ہم منصب انٹونی بلنکن سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔بلاول زرداری نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے بھی ملاقات کی، ملاقات کے دوران وزیر خارجہ بلاول نے کہا کہ جموں و کشمیر کا تنازع اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے ۔ تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہناہے کہ امریکا خوشحال اور مستحکم پاکستان کی تعمیر کے لیے سرمایہ کاری اور تجارتی مواقع بڑھانے کے طریقوں پر دوطرفہ طور پر کام جاری رکھے گا۔ ترجمان کا کہناہے کہ امریکا، پاکستان کے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ جاری مذاکرات کا بھی خیر مقدم کرتا ہے۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ بلاول زرداری نے نیویارک میں امریکی ہم منصب انٹونی بلنکن سے ملاقات کی ہے ۔امریکی وزیر خارجہ کا اس دوران کہنا تھا کہ غذائی تحفظ ایک چیلنج ہے اور دنیا کے بہت سے مقامات غذائی عدم تحفظ کا شکار ہیں اور ہم اس سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ پاکستانی حکومت کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں اور پاکستان سے معاشی وتجارتی تعلقات مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔بلنکن نے فوڈ سمٹ میں پاکستان کی شرکت پر اظہار تشکر بھی کیا اور کہا کہ امریکا نے خطے کی سیکورٹی کی صورتحال پر بھی توجہ مرکوز رکھنی ہے۔ انٹونی بلنکن کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول زرداری نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات میں اضافہ اور امریکی کاروباری افراد کیساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔بلاول کا کہنا تھا کہ جیو پولیٹیکل صورتحال کے باعث کئی چیلنجز کا سامنا ہے، عالمی سطح پر ہوئے واقعات کے باعث سیکورٹی چیلنجز درپیش ہیں۔بلاول نے ملاقات کے دوران اپنے ہم منصب کو یقین دلایا کہ امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا۔مزید برآں،ترجما ن دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول زرداری نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی، اس موقع پر بلاول زرداری نے پاکستان کی خارجہ پالیسی میں کثیرالجہتی اور اقوام متحدہ کی اہمیت پر زوردیتے ہوئے کہاکہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں پر سختی سے عمل پیرا ہے،پاکستان نے ہمیشہ ان اصولوں کے مطابق عالمی مسائل کے حل کی حمایت کی ہے۔ وزیر خارجہ نے بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور غیر قانونی آبادیاتی تبدیلیوں کی سنگین صورتحال پر روشنی ڈالی۔انہوں نے جموں و کشمیر کا تنازع اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے پر زور دیا۔