۔31مئی کو ملکی تاریخ کے اہم فیصلے ہونے جارہے ہیں ، شیخ رشید

129
اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

اسلام آباد(صباح نیوز)سابق وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمدنے کہا ہے کہ حکومت سے ملک نہیںچل رہا،31مئی تک اہم فیصلے ہوجائینگے، عمران خان 20مئی کو لانگ مارچ کی کال دیں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ حکومت سے ملک نہیں چل رہا،48گھنٹوں میں فیصلے کرلیں۔شیخ رشید نے کہا کہ مجھے یقین ہے 31مئی تک اہم فیصلے ہوجائیں گے ، ساری قوم کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ الیکشن کرائے جائیں ۔انہوں نے کہا اب نوازشریف کووطن واپس آنے سے کون روک رہا ہے جس جہازمیں نوازشریف آئیں گے ان میں چور اورغدارکے نعرے لگیں گے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف جس جہازسے آئیں گے دیگر مسافر اترجائیں گے، آصف زرداری نے نواز شریف سے بدلہ لیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ میں عمران خان کے ساتھ ہوں، عمران خان کے خلاف ماسٹرپلان بنانے والاعقل کا اندھا تھا کیونکہ پلان بنانے والوں کو یہ نہیں پتا تھاعمران خان اتنامقبول ہوگا۔سابق وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ آج ملک میں چور اور غدار کے نعرے لگ رہے ہیں کیونکہ موجودہ حکومت اپنے کیسزختم کرنے کے علاوہ کوئی کام نہیں کررہی۔شیخ رشید نے کہا کہ ڈی جی ایف آئی اے اورڈی جی آئی بی کوکیوں ہٹایا گیا؟ ایف آئی اے میں شہباز،حمزہ،زرداری کے کیسزختم کرنے پرکام ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے میں لوگ چھٹیوں پرجارہے ہیں،40بلین کا کیس ایف آئی اے واپس لینے جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان20مئی کولانگ مارچ کی کال دیں گے۔