عمران خان کی جان کو خطرہ ہے تو عدالتی کمیشن بنانے کیلئے تیار ہیں،رانا ثناء اللہ

122

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے پیش کش کی ہے کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے تو تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن بنانے کے لیے تیار ہیں۔وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے بیان میں کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے پاس جان کوممکنہ خطرے سے متعلق کوئی ٹھوس ثبوت ہے تواسے فوری طورپروزارت داخلہ سے شیئر کریں۔حکومت اس معاملے کی مکمل تحقیقات کروانے کے لیے تیارہے۔اپنی سیکورٹی کو سیاسی پر وپیگنڈے کے طورپر پیش نہ کریں۔وزیرداخلہ کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نیازی امریکی سازش کی طرح اب مسلسل اپنی جان کو خطرے کابیانیہ بنارہے ہیں۔ اگرعمران نیازی اپنی جان کو خطرے سے متعلق معلومات فراہم نہیں کرتے تو امریکی سازش کی طرح اس بیانیے کو بھی ایک پولیٹیکل اسٹنٹ ہی تصور کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ اگر عمران نیازی چاہیں تو جان کے خطرے سے متعلق جوڈیشل کمیشن قائم کرسکتے ہیں جو ان کے فراہم کردہ شواہد اورمعلومات کا جائزہ لے کرآزادانہ فیصلہ دے سکتا ہے۔رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ایک سابق وزیراعظم کا اپنی جان کے خطرے کو پولیٹیکل اسٹنٹ کے طور پر پیش کرنا انتہائی افسوسناک اور خطرے کا باعث ہوسکتا ہے۔