شیخ رشید کس کے آدمی ہیں

484

سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ہمارا سارا ملبہ موجودہ حکومت پر گر گیا یہ اس کے نیچے دب کر مرجائیں گے۔ اتحادی حکومت اور امریکا نے ہماری سیاست زندہ کردی۔ عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو پاکستان سری لنکا بن جائے گا۔ ان کی باتوں کے دو حصے ہیں، ایک حصہ تو یہی ہے جس میں وہ بظاہر عمران خان اور ان کی حکومت کی حمایت کررہے ہیں لیکن یہ بیان تحریک انصاف اور عمران خان حکومت کی نااہلی اور ناکامی کا مستند اعتراف ہے۔ سابق حکومت کا وزیرداخلہ کہہ رہا ہے کہ ہمارا سارا ملبہ نئی حکومت پر گرا ہے اور اتنا ملبہ ہے کہ وہ اس میں دب کر مرجائے گی۔ وہ نام تو اتحادی حکومت اور امریکا کا لے رہے ہیں لیکن کہہ یہ رہے ہیں کہ ہماری حکومت ناکام ترین تھی اور چار سال میں اتنا ملبہ جمع کرلیا تھا کہ نئی حکومت ڈیڑھ سال بھی نہیں چل سکے گی۔ اور یہ کہ اتحادی حکومت نے پی ٹی آئی کی سیاست زندہ کردی گویا پی ٹی آئی کی سیاست مردہ ہوچکی تھی۔ ان کی باتوں کا دوسرا حصہ بہت ہی خطرناک ہے۔ وہ ہمیشہ خود کو پاکستان کے لیے تڑپتا ہوا ظاہر کرتے ہیں گویا پاکستان سے محبت ان کے دل میں کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی ہے لیکن عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو ملک کو سری لنکا بنانے کی دھمکی دے رہے ہیں۔ یہ نہایت خراب سوچ ہے، اسے گھٹیا نہ بھی کہا جائے تو یہ کسی وزیرداخلہ، وزیرریلوے، جنرل پرویز کے ترجمان، وزیراطلاعات، نواز شریف کے قریبی ساتھی کو زیب نہیں دیتا۔ کیا اس ملک میں زرداری بے نظیر، نواز شریف، ولی خان، غفار خان، جی ایم سید گرفتار نہیں ہوئے۔ ابھی مولانا مودودی، مفتی محمود، مولانا نورانی اور دیگر علماء کا نام نہیں لیا۔ شیخ رشید نے اپنی حکومت کی ساری خرابیاں بھی بیان کردیں کہ مہنگائی کی قیامت عوام پر ٹوٹنے والی ہے۔ انہیں معلوم ہے کہ جو کچھ چار سال میں کیا گیا ہے اس کے اثرات اب سامنے آئیں گے۔ یوں تو یہ سارے اثرات آئی ایم ایف کے پاس جانے کے ہیں اور یہ کام ان کے لیڈر عمران خان نے کیا تھا۔ شیخ صاحب زور بیان میں ایسی باتیں کرگئے یا کسی کے اشارے پر تحریک انصاف کے خلاف ایف آئی آر کاٹ دی ہے کہ اس کی کارکردگی میں صرف ملبہ تھا۔ ان کی بات یہ ہے کہ زرداری شہباز شریف کی سیاست کو غرق کردے گا۔ گویا ان کی نظر میں شہباز شریف بہتر سیاستدان ہیں۔ ایسا محسوس ہورہا ہے کہ وہ خود فیصلہ نہیں کرپا رہے کہ کتنی دیر عمران خان کے ساتھ رہیں۔ شیخ صاحب نے بھی اپنے قتل کی سازش کا انکشاف کردیا ہے کہ رانا ثنا اللہ مجھے قتل کی دھمکی دے رہا ہے۔ اب تو ان کا معاملہ بھی عمران کی ویڈیو کے ساتھ اٹھایا جانا چاہیے۔