اتحاد کی طاقت سے ہی مزدور مسائل حل ہوں گے ،شکیل احمد شیخ

471

جسارت لیبر فورم کے زیر اہتمام عید ملن پارٹی 11 مئی 2022ء کو جمعیت الفلاح میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر نیشنل لیبر فیڈریشن سندھ کے نومنتخب صدر شکیل احمد شیخ کو استقبالیہ دیا گیا۔ ذیل میں تقریب کی تفصیلی رپورٹ پیش کی جارہی ہے۔

نیشنل لیبر فیڈریشن سندھ کے نومنتخب صدر شکیل احمد شیخ نے کہا کہ روزنامہ جسارت کے قاضی سراج 32 سال سے محنت کشوں کی خبریں شائع کررہے ہیں۔ حکومت قاضی سراج کو پرائڈ آف پرفارمنس دے۔ انہوں نے جسارت لیبر فورم کی اپنے اعزاز میں تقریب منعقد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ شکیل احمد شیخ نے کہا کہ پورے سندھ سے ٹریڈ یونین کا کردار ختم
ہوتا جارہا ہے، سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ سے مراعات اصل حق داروں کو نہیں ملتی۔ صرف ڈھرکی سے اتنی کنٹریبیوشن ملتی ہے کہ سب کو
مراعات مل جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے مزدوروں کو زندہ درگور کردیا ہے۔ نیشنل لیبر فیڈریشن مشترکہ مسائل حل کرنے کے لیے مزدور رہنمائوں میں اتحاد پیدا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد کی طاقت سے مزدور مسائل حل ہوں گے۔ مزدور مسائل حل کروانے کے لیے نیشنل لیبر فیڈریشن سندھ گھوٹکی سے کراچی تک ریلی نکالے۔
سچے دل سے اتحاد کی بات کریں‘ شاہد ایوب
نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے جنرل سیکرٹری اور جماعت اسلامی لیبر کراچی کے رہنما شاہد ایوب نے کہا کہ حکمرانوں نے مزدوروں کا زندہ رہنا مشکل بنادیا ہے۔ مہنگائی بہت تیزی سے بڑھتی ہے جس کی وجہ سے مزدور کی قوت خرید کم سے کم ہورہی ہے۔ محنت کش دوست و دشمن میں تمیز کریں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل لیبر فیڈریشن اتحاد کی طاقت سے مزدور مسائل حل کروائے گی، مزدور مسائل حل کرنے کے لیے سچے دل سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔
ELITE کلاس قیادت مسائل حل نہیں کراسکتی‘ شفیق غوری
سندھ لیبر فیڈریشن کے صدر شفیق غوری نے کہا کہ جسارت جیسی تقریبات ٹریڈ یونین رہنمائوں کو کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ELITE کلاس لیبر لیڈرز ائرکنڈیشن ہوٹل میں بیٹھ کر مزدور مسائل حل نہیں کرواسکتے۔ FES اسلام آباد نے اپنے ادارے میں یونین کا وجود ختم کردیا ہے لیکن پھر دکھانے کے لیے یونین کے فروغ کا نام نہاد کام کرتے ہیں۔ FES کے پروگرام میں وہ لوگ نمائندگی کرتے ہیں جن کا مزدور تحریک سے حقیقی واسطہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مزدور رہنما شکیل احمد شیخ نوجوان قیادت کو مزدور تحریک میں آگے بڑھائیں۔
داد رسی کے لیے کہاں جائیں‘ علی محمد جمالی
پاکستان ورکرز فیڈریشن کراچی اور ڈاڈیکس اٹرنٹ کے رہنما علی محمد جمالی نے کہا کہ سیکرٹری لیبر کی اجازت سے ڈاڈیکس کمپنی بند کردی گئی ہے۔ یونین داد رسی کے لیے مختلف اداروں میں گئی لیکن کہیں سے انصاف نہیں ملتا۔ مزدوروں کی کہیں سنوائی نہیں ہوتی۔
مالکان قانونی شرح سے کنٹریبیوشن
جمع کرائیں‘ تابانہ لبنا
تابانا لبنا ایڈووکیٹ نے کہا کہ مالکان کی جانب سے مزدوروں کے لیے EOBI کا کنٹریبیوشن کم دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے مزدوروں کو EOBI سے پنشن کے حصول میں مشکلات پیش آتی ہیں۔ مالکان قانونی شرح سے کنٹریبیوشن جمع کرائیں۔
نوجوان قیادت کو آگے بڑھائیں‘ شکیل احمد کانگا
جنگ ایمپلائز یونین اور اپنک کے رہنما شکیل احمد کانگا نے کہا کہ مزدور فیکٹری کا ہو یا کسی روزنامہ کا محنت کش مزدوری ہی کرتا ہے۔ مزدور تحریک میں نوجوان قیادت کو آگے لانے کی ضرورت ہے۔ مسائل کے حل کے لیے اداروں کا گھیرائو کرنے کی ضرورت ہے۔
جماعت اسلامی ہی جمہوری
پارٹی ہے‘ ارشاد خان
سندھ یونین آف جرنلسٹ کے صدر ارشاد خان نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک جمہوری سیاسی پارٹی ہے۔ جماعت اسلامی میں مقررہ مدت کے بعد انتخاب کے بعد ہر سطح پر قیادت تبدیل ہوتی رہتی ہے۔ جبکہ دیگر پارٹیاں خاندانی پارٹیاں ہیں۔ انہوںنے کہا کہ صحافیوں کو بھی نیشنل لیبر فیڈریشن میں شامل کیا جائے۔
ضیا الحق نے جمہوریت کا بیڑا غرق کردیا‘ ناصر احمد
انٹرنیشنل لائرز فورم کے چیئرمین ناصر احمد ایڈووکیٹ نے کہا کہ ضیا الحق نے طلباء یونینوں اور مزدور یونینوں پر پابندی لگا کر جمہوریت کا بیڑا غرق کردیا۔ انہوں نے کہا کہ مزدور مسائل حل کرنے کے لیے اختلافات کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔
واپڈا ریٹائرڈ ملازمین کے مسائل کب حل ہوں گے‘ سلمان شاہین
وفا تنظیم سندھ کے رہنما سلمان شاہین نے کہا کہ واپڈا کے ریٹائرڈ ملازمین کے مسائل حل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل لیبر فیڈریشن ایک نظریاتی تنظیم ہے۔
شکیل شیخ جرأت مند رہنما ہیں‘ قاسم جمال
نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے جنرل سیکرٹری قاسم جمال نے کہا کہ نیشنل لیبر فیڈریشن سندھ کے صدر شکیل احمد شیخ جرأت مند اور بہادر رہنما ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محنت کشوں کی فلاح وبہبود کے ادارے مزدوروں کے مسائل حل کرنے کے بجائے مالکان کے مفاد میں کام کرتے ہیں۔ حکمران مراعات فراہم کرنے کے بجائے مزدوروں کو دھوکا دے رہے ہیں۔ مزدور تحریک کمزور ہونے کی وجہ سے ICU میں داخل ہوچکی ہے۔ مزدور تحریک کو زندہ کرنے کے لیے جدوجہد کی ضرورت ہے۔
مزدوروں کے لیے جامع پالیسی
بنائی جائے‘ خالق عثمانی
PNSC کے سابق رہنما اور نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے رہنما محمد خالق عثمانی نے کہا کہ حکمران مزدوروں کے لیے جامع پالیسی بنائیں۔ سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ سے مزدوروں کو سہولتیں دی جائیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ مزدور رہنما متحد ہو کر کام کریں۔
جسارت کی مزدور خدمات کو ہمیشہ
یاد رکھا جائے گا‘ اسلم خان فاروقی
سینئر مزدور رہنما محمد اسلم فاروقی نے کہا کہ روزنامہ جسارت محنت کشوں کی آواز کو بلند کررہا ہے۔ جسارت کے قاضی سراج کی مزدور خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ جسارت کی عید ملن پارٹی مزدور رہنمائوں کے رابطہ کا ذریعہ بن گئی ہے۔ مزدور مسائل کو حل کروانے کے لیے ماہانہ بنیادوں پر ملاقاتوں کا پروگرام رکھا جائے۔
PIA ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں اضافہ کیا جائے‘ چودھری اعظم
PIA ریٹائرڈ ملازمین کے رہنما چودھری اعظم نے کہا کہ PIA ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن انتہائی قلیل ہے۔ پنشن کی ابتداء دوہزار روپے ہے جس میں ملازم کیا کھاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افہام و تفہیم سے مسائل حل کرانے کی ضرورت ہے۔ مزدور رہنما اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کے لیے لیبر قوانین کا مطالعہ کریں۔
گریجویٹی قانون کے مطابق
دی جائے‘ منتخب عالم
سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ کے رہنما ایم منتخب عالم نے کہا کہ محنت کشوں کو گریجویٹی قانون کے مطابق ادا کی جائے۔ انہوں نے مزدور مسائل حل کروانے کے لیے اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔
متحد ہو کر کام کریں‘ ذوالفقار شاہ
KMC اور جسٹس ہیلپ لائن کے رہنما سید ذوالفقار شاہ نے کہا کہ اتحاد کی طاقت سے مزدوروں کے مسائل حل کروائے جاسکتے ہیں۔
جسارت ہی مزدور کی ترجمانی
کرے گا‘ قاضی سراج
روزنامہ جسارت کے انچارج صفحہ محنت قاضی سراج نے کہا کہ جسارت بلاامتیاز محنت کشوں کی خدمت کررہا ہے۔
نیشنل لیبر فیڈریشن نے ہمیشہ مزدور اتحاد کی بات کی ہے‘ خالد خان
نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے صدر اور واٹر بورڈ کے رہنما خالد خان نے کہا کہ نیشنل لیبر فیڈریشن اپنی یونیٹوں میں اپنے حصہ کا کام بخوبی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل لیبر فیڈریشن نے ہمیشہ محنت کشوں کے اتحاد کی بات کی ہے کیوں کہ اتحاد ہی مسائل کا حل ہے۔
لیبر کالونی کو پانی فراہم کیا جائے‘ ایوب قریشی
پاکستان ورکرز کنفیڈریشن سندھ کے رہنما محمد ایوب قریشی نے کہا کہ ماضی میں سائٹ کے بیشتر اداروں مین یونین ہونے کی وجہ سے مزدور کینٹین میں کھانا کھاتے تھے۔ آج کارخانوں مین کینٹین نہ ہونے کی وجہ سے مزدور بڑی تعداد میں ٹھیلوں یا فٹ پاتھ پر کھانا کھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سائٹ لیبر کالونی کو 32 سال ہوگئے بنے ہوئے لیکن پانی دستیاب نہیں۔ مزدور ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر ہیں۔ مزدور بھوکے مررہے ہیں لیکن حکمران قرض پر قرض لے رہے ہیں۔
کم از کم اجرت کا مسئلہ حل کیا جائے‘ علی اختر بلوچ
ڈیلی ویجز اینڈ کنٹریکٹ ایمپلائز ویلفیئر کمیٹی کراچی کے رہنما علی اختر بلوچ نے کہا کہ کم از کم اجرت کا مسئلہ حل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں کم از کم اجرت کا اعلان پہلے ہوتا ہے اور ویج بورڈ کا اجلاس بعد میں ہوتا ہے۔
ویلفیئر بورڈ میں جعل سازی ختم
کی جائے‘ سلیم خان سواتی
پاکستان کیبلز کے رہنما سلیم خان سواتی نے کہا کہ سندھ ورکرز ویلفیئر سے جعلی مزدور رہنمائوں کے کردار کو ختم کیا جائے۔
پروگرام کے شرکاء
جسارت لیبر فورم کی عید ملن پارٹی میں مقررین کے علاوہ انٹرنیشنل لائرز فورم کے رہنما جمشید علی خوجہ، پاکستان خالصہ سکھ کونسل کے چیئرمین سردار امر سنگھ، سیسی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے رہنما وسیم جمال، کامران بیگ اور رحیم پیرانی، واٹر بورڈ کے رہنما صغیر احمد انصاری، ڈیلی ویجز ویلفیئر کمیٹی کے رہنما ندیم بروہی اور طارق بلوچ، ویلفیئر بورڈ کے رہنما ندیم اختر، پاکستان کیبلز کے رہنما سرزمین، محمد خان اور محمد ابراہیم، ہارون آئل کے رہنما نیاز خان تنولی، ATCO کے رہنما اسماعیل شاہ، سنگر پاکستان کے رہنما اسلام الدین، چاس مینڈورزا کے رہنما محمد شاہد اور محمد عدنان، ڈاڈیکس کے رہنما عبدالرزاق کاچھیلو، شنائیڈر الیکٹرک کے رہنما محمد سلمان علی، لیبر کورٹ سے پرویز، وفا کے اکمل حسین، فارماٹیک کے رہنما امیرروان، سندھ سیکرٹریٹ کے رہنما سید محمد جہاں زیب، نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے سابق صدر عبدالسلام، ٹرائی اسٹار ٹرانسپورٹ کے رہنما اقبال، حضرت علی، حضرت حسین اور محمد ایاز، کراچی کلب کے رہنما تقی حیدر اور زاہد شیرین، میرٹ پیکیجنگ کے رہنما مسرور احمد، شہادت علی اور عامر احمد، EPZ کے رہنما مختار احمد، جماعت اسلامی لیبر کراچی کے رہنما ماجد محمود اور مختار قریشی زین پیکیجنگ کے رہنما شیر زمان، محمد کلیم، روزنامہ جسارت کے قاضی جاوید اور محمد فاروق اور دیگر نے شرکت کی۔