گوادر میں2023ء تک توانائی کے مسائل کا خاتمہ ہو گا‘ پروجیکٹ حکام

156

اسلام آباد (اے پی پی) گوادر میں کوئلہ سے بجلی پیدا کرنے کے300 میگا واٹ منصوبے کی تکمیل سے2023ء تک توانائی کے مسائل کا خاتمہ ہو جائے گا۔ پرجیکٹ حکام نے کہا ہے کہ2050 ء گوادر ماسٹر پلان کے تحت گوادر میں کوئلہ کی مدد سے300 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے لیے تعمیر کیے جانے والے منصوبے کی تکمیل سے اکتوبر2023ء تک ساحلی شہر گوادر میں توانائی کے مسائل کا خانمہ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ سی پیک کے تحت تعمیر کیا جا رہا ہے، جس سے گوادر بندرگاہ سمیت 1 لاکھ 50 ہزار سے زیادہ مقامی صارفین کی بجلی کی ضروریات پوری ہو سکیں گی۔ انہوں نے مزید کہا اس وقت ڈیزل سے بجلی پیدا کرنے پر لاکھوں ڈالرز کے اخراجات آ رہے ہیں لیکن کوئلہ کی مدد سے سستی بجلی پیدا کی جا سکے گی۔ حکام نے کہا کہ یہ منصوبہ توانائی کے شعبہ میں پاک چین اشتراک کار اور ایک سڑک ایک خطہ کے وژن کا عکاس ہے، جس کی تکمیل سے بلوچستان میں توانائی کے بنیادی ڈھانچہ کی ترقی اور علاقہ کی تعمیر و ترقی میں بھی مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ گوادر میں سی پیک کے تحت پاور پلانٹ سمیت گوادر انٹرنیشنل ائرپورٹ چین پاکستان فرینڈ شپ اسپتال، فنی و پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت کے مراکز، گوادر ایسٹ بے ایکسپریس وے اور گوادر فری زون کے علاوہ دیگر کئی منصوبے بھی شامل ہیں۔