وزیر خارجہ بلاول زرداری کل امریکا جائیںگے

237

اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر خارجہ بلاول زرداری کل امریکا جائیں گے جہاں وہ بدھ کو نیویارک میں عالمی غذائی تحفظ کے بارے میں وزارتی سطح کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اس اجلاس کا اہتمام کیا ہے جس کا مقصد روس کے یوکرین پر حملے کے تناظر میں دنیا بھر میں خوراک کی قیمتوں میں اضافے کا حل تلاش کرنا ہے۔ اجلاس میں فوری انسانی ضروریات کا جائزہ لیا جائے گا اور مستقبل میں ایسی صورتحال سے نمٹنے کے اقدامات کی نشان دہی کی جائے گی۔ وزارتی اجلاس کے بعد اگلے دن اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کشیدگی اور غذائی تحفظ کے موضوع پر ایک مباحثہ ہوگا۔ وزیر خارجہ بلاول زرداری اپنے دورے کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریز، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر عبداللہ شاہد اور اپنے ہم منصبوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔