پشاور میں فائرنگ سے سکھ کمیونٹی کے 2 افرادقتل

382
پشاور: سکھوں کے قتل کیخلاف احتجاج کیا جارہا ہے

پشاور (خبر ایجنسیاں/ مانیٹرنگ ڈیسک) پشاور کے علاقے تھانہ سربند کی حدود بٹہ تل بازار میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے سکھ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے2 افراد ہلاک ہوگئے‘ مقتولین کی شناخت 42 سالہ سلجیت سنگھ اور 38 سالہ رنجیت سنگھ کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا جب کہ جائے وقوع سے اہم شواہد اکٹھا کرکے علاقے میں سرچ آپریشن کیا۔ پولیس نے بتایا کہ قتل ہونے والے سلجیت سنگھ اور رنجیت سنگھ کی بٹہ تل بازار میں مصالہ جات کی دکانیں ہیں اور واقعے کا سبب پیسوں یا جائداد کا تنازع ہوسکتا ہے تاہم ابھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔ واقعے پر وزیراعظم شہباز شریف نے اظہار مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا صوبے میں شہریوں بالخصوص غیر مسلم پاکستانیوں کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں‘ قاتلوں کو جلد گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے اس واقعے کا نوٹس لے لیا ہے اور آئی جی کے پی کے کو قتل میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری کے لیے ضروری کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بہیمانہ قتل میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے کسی صورت بچ نہیں سکتے‘ واقعہ شہر کے پر امن ماحول اور بین المذاہب ہم آہنگی کو خراب کرنے کی کوشش ہے‘ متاثرہ خاندانوں اور سکھ برادری کے غم میں برابر کی شریک ہے۔