میر پور خاص ، لوڈ شیڈنگ میں اضافہ ، کاروباری سرگرمیاں مانند پڑ گئیں

339

میرپورخاص(نمائندہ جسارت) میرپورخاص اور اس کے گرد و نواح میں گرمیوں کا موسم شروع ہوتے ہی حیسکو کے تیور بھی بدلنے لگے حیسکو کی جانب سے شہری علاقوں میں اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 8 گھنٹے سے بڑھا کر 10 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 12 گھنٹے تک بڑھا دیا گیا ہے اس کے علاوہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے اوقات کا میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ بجلی کی آنکھ مچولی اور کم وولٹیج کا سلسلہ بھی سر اُٹھانے لگا ہے جس کی وجہ سے مچھروں کی بہتات اور گرمی نے لوگوں کا جینا محال کر دیا ہے جس کی وجہ سے گھروں میں خواتین اور بچوں کو اذیت ناک صورتحال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے بجلی کی طویل بندش کی وجہ سے ہونے والی کاروبای، تجارتی اور تعمیراتی سرگرمیاں مانند پڑ چکی ہیں اور روزانہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کو نان شبینہ مسلہ درپیش ہے بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے شہریوں کو پینے کا پانی سپلائی کا نظام بھی بری طرح متاثر ہو رہا ہے اور گرمی میں لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے بجلی کی طویل بندش اور آنکھ مچولی کی وجہ سے اسپتالوں میں داخل مریضوں کو دوہری اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور اسپتالوں میں شیڈول کے آپریشن ملتوی کیے جا رہے ہیں۔ اس حوالے سے لوگوں کا کہنا ہے کہ گرمیوں کا موسم آتے ہی حیسکو نے شہریوں کا جینا محال کر دیا ہے اور شدید گرمیوں میں تو بجلی نام کو ہی دستیاب ہو گی لوگوں نے وزیر اعظم، وزیر توانائی اور حیسکو چیف سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کے بھاری بلوں کی طرح بجلی کی فراہمی کو بلا تعطل ممکن بنایا جائے دیگر صورت میں شدید احتجاج اور حیسکو دفاتر کا گھیرائو بھی کیا جائے گا۔